ورلڈکپ کیپٹنز ڈے،بابر اعظم چارٹر طیارہ سے احمد آباد پہنچ گئے

ورلڈکپ کیپٹنز ڈے،بابر اعظم چارٹر طیارہ سے احمد آباد پہنچ گئے

ایک نیوز: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ورلڈکپ کیپٹنز ڈے میں شرکت کے لیے حیدر آباد سے خصوصی طیارے کے ذریعے احمد آباد پہنچ گئے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم حیدر آباد میں موجود ہے جہاں قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کر نیدر لینڈ کے خلاف کھیلے گی،پاکستان کرکٹ ٹیم کا دوسرا میچ بھی حیدر آباد میں ہی سری لنکا کے خلاف 10 اکتوبر کو شیڈول ہے۔

ورلڈ کپ کا آغاز کل احمد آباد کرکٹ اسٹیڈیم سے ہو گا، بھارتی ٹیم کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر ٹرافی گراؤنڈ میں لیکر آئیں گے اور ورلڈکپ کی افتتاحی تقریب کا اعلان کریں گے۔افتتاحی تقریب سے قبل آج قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم خصوصی طیارے کے ذریعے حیدرآباد دکن سے احمد آباد پہنچے جہاں کیپٹن ڈے شیڈول ہے۔

کیپٹنز ڈے کی مناسبت سے ہونے والی تقریب میں سب سے پہلے افغانستان اور نیدر لینڈز کے کپتانوں کو اسٹیج پر بلایا گیا۔کپتان افغان کرکٹ ٹیم حشمت اللہ کا کہنا تھا نروس نہیں پرجوش ہوں، ورلڈ کپ کو انجوائے کروں گا۔

سری لنکا اور بنگلا دیش کے کپتانوں کو ایک ساتھ اسٹیج پر بلایا گیا اور دونوں کپتانوں کا کہنا تھا ہم آپس میں دوست ہیں حریف نہیں ہیں۔اسی طرح جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے کپتانوں کو ایک ساتھ اسٹیج پر بلایا گیا۔

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کا کہنا تھا ورلڈ کپ کے منتظر ہیں، بھارت میں کرکٹ فینز بہت زیادہ ہوتے ہیں اور شور ہوتا ہے جبکہ جنوبی افریقی کپتان ٹمبا باووما کا کہنا تھا بھارت میں کھیلنے کا تجربہ ہے۔پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور میزبان ٹیم بھارت کے کپتان روہت شرما ایک ساتھ اسٹیج پر آئے۔

اس موقع پر بابر اعظم کا کہنا تھا ہمیں بالکل بھی نہیں لگا کہ ہم بھارت میں ہیں، ہمیں ایسا لگا کہ ہم اپنے ہی ملک میں ہیں۔ ہم ایسے شاندار استقبال کی توقع نہیں کر رہے تھے، حیدر آباد میں ہمارا بہت ہی زبردست استقبال ہوا، ہم ورلڈ کپ میں 100 فیصد دیں گے اور اس کے لیے محنت کی ہے۔

بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا تھا بھارتی ٹیم کی قیادت کرنا فخر کی بات ہے اور ورلڈکپ جیتنے کے لیے ہر وہ چیز کریں گے جو کر سکتے ہیں۔ روہت شرما کا کہنا تھا میزبان ٹیم کے ماضی میں جیتنے کے بارے میں نہیں سوچ رہا، ورلڈکپ ٹف ٹورنامنٹ ہوگا، انجوائے کریں گے۔

 پاکستان ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ نیدرلینڈز کے خلاف 6اکتوبر کو حیدرآباد کے میدان پر کھیلنے جا رہا ہے۔راجیو گاندھی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں 55 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور اس کی پچ عام طور پر بلے بازوں کے لیے موافق ہے۔ورلڈ کپ کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہوگا۔