ویمنز ورلڈ کپ، انگلینڈ کی ٹیم جنوبی افریقا کو 137 رنز سے ہرا کر فائنل میں پہنچ گئی

ویمنز ورلڈ کپ، انگلینڈ کی ٹیم جنوبی افریقا کو 137 رنز سے ہرا کر فائنل میں پہنچ گئی
کرائسٹ چرچ:ڈینیئل وائٹ کی شاندار سنچری کی بدولت دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی ٹیم آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا کو 137 رنز سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی ،جنوبی افریقا ویمنز 294 رنز کا بڑا ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی، انگلینڈ کی ڈینیئل وائٹ 129 رنز کی انفرادی دلکش اننگز کھیلنے پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنائے، ڈینیئل وائٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 129 رنز بنائے، صوفیہ ڈنکلے نے 60 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، دیگر بیٹرز میں ایمی جونز 28 اور ایکلیسسٹون 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، جنوبی افریقا کی طرف سے شبنم اسماعیل نے 3 جبکہ ماریزان کیپ اور مساباتہ کلاس نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
جنوبی افریقا کی خواتین ٹیم پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 38ویں اوورمیں 156 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، میگنن ڈو پریز 30 اور لارا گڈال28رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں، کپتان سن لس ،ماریزان کیپ اور ترشا چیٹی نے 21 ، 21 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی طرف سے سوفی ایکلسٹن نے 6وکٹیں حاصل کیں، ڈینیئل وائٹ کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔