درباروں پر جوتوں ، واش رومز اور پارکنگ کی فیس پر پابندی عائد

درباروں پر جوتوں ، واش رومز اور پارکنگ کی فیس پر پابندی عائد
لاہور ہائیکورٹ نے درباروں پر جوتے رکھنے کی فیس لینے کا اقدام غیر قانونی قرار دے دیا، تمام درباروں پر واش رومز کے استعمال اور پارکنگ کی فیس لینے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ۔

لاہور ئیکورٹ میں پنجاب بھر میں زائرین سے پیسے لینے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے مزارات پر واش رومز کے استعمال کے پیسے لینے سے روک دیا۔

ڈی جی اوقاف نے عدالت میں بیان دیا کہ امور چلانے کیلئے آمدن کے کوئی متبادل ذرائع نہیں ۔جس پر لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس قاسم خان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ درباروں کو چھوڑ کر واپس حکومت کے حوالے کردیں ،محکمہ اوقاف کو درباروں سے بھتہ وصولی کی اجازت نہیں دیں گے ۔

عدالت نے کہا کہ ایسا کرنے کے لیے قانون کے مطابق اخبارات میں اشتہار دیا جانا ضروری ہے، اوقاف والے غیر قانونی طور پر بیت الخلاء اور دیگر جگہوں پر اپنے بندے بٹھا دیتے ہیں، نمازیوں سے بھی پاپوش رکھنے کے عوض پیسے لیتے ہیں اگر اوقاف عوام کو اپنی سروسز نہیں دے سکتا تو اس محکمہ کو ختم کردیں آپ جوتوں سے لے کر موبائل رکھنے پر بھی چارجز لیتے ہیں عدالت نے پندرہ دن میں اس حکم پر عمل کرکے رپورٹ جمع کرانے کا بھی حکم دے دیا۔