ایئرچیف سے امریکی سفیر کی اہم ملاقات،ٹیکنوپارکس میں تعاون پراتفاق

ایک نیوز :ایئرچیف مارشل ظہیراحمد بابرسدھو سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی اہم ملاقات،ٹیکنوپارکس میں تعاون پراتفاق کیا۔

https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2024-01-16/news-1705410513-7742.mp4

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق  ایئرچیف مارشل ظہیراحمد بابرسدھو  اور امریکی سفیر نے ملاقات میں دونوں ممالک کی فضائی افواج کے مابین مشترکہ فضائی مشقوں کے ذریعے تعاون اور تربیتی شعبے کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں پاک فضائیہ اور امریکی فضائیہ کے مابین تربیتی شعبے کے فروغ کے لیئے تکنیکی صلاحیتوں اور وفود کے تبادلے کی اہمیت پر گفتگو ہوئی۔ آپریشنل تیاریوں اور کارکردگی کو مزید  مستحکم کرنے کے لیے تکنیکی ترقی کو بروئے کار لانے پر زور دیاگیا۔

ملاقات میں باہمی تعلقات کو تقویت دے کر مشترکہ منصوبوں اور تزویراتی شراکت داری کے لیے باہمی تعاون کے دائرہ کار کی تنظیم نو اور اس امر کے لیئے نئی راہیں استوار کرنے پر تبادلہ خیال کیاگیا

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیر چیف نے پاکستان اور امریکہ کے مابین پہلے سے موجود خوشگوار تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے اپنے بھرپور عزم کا اعادہ کیا۔

ایئرچیف مارشل ظہیراحمد بابرسدھو کاکہنا تھا کہ   پاکستان، امریکہ کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔  پاک-امریکہ تعلقات علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں باہمی اتفاق رائے پر قائم ہیں۔

امریکی سفیر نے  پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔

امریکی سفیر کاکہنا تھا کہ  موجودہ قیادت کے زیر سایہ پاک فضائیہ کی جانب سے خود انحصاری کے میدان میں کی گئی نمایاں پیش رفت قابل تحسین ہے۔

امریکی سفیر کی جانب سے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی تعریف کی گئی۔

 ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ اور امریکی سفیر  کے مابین ملاقات دیرینہ دوطرفہ تزویراتی تعلقات اور دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے دونوں فریقین کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔