سیما حیدر کے پاکستانی شوہر بچوں کی واپسی کیلئے سوشل میڈیا پر متحرک

سیما حیدر کے پاکستانی شوہر بچوں کی واپسی کیلئے سوشل میڈیا پر متحرک
کیپشن: Seema Haider's Pakistani husband is active on social media for the return of the children

ویب ڈیسک: سیما حیدر کے پاکستانی شوہر غلام حیدر نے کہا ہے کہ اگر اس نے بچے واپس نہ کئے تو جیل اس کا مقدر ہوگی۔ بھارتی وزیراعظم مودی جی اوروزیراعلی اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ پر بھروسا ہے انصاف ملے گا۔

سیما حیدر اپنے عاشق سچن مینا کے لئے غلام حیدر کے  بچوں کے ساتھ  فرار ہوکر بھارت آگئی تھی۔

 یادرہے سیما حیدر کے پاکستانی شوہر غلام حیدر نے یو ٹیوب چینل بنا لیا ہے اور اب  سوشل میڈیا کے ذریعے بھارتی حکومت سے سیما حیدر اور بچوں کو واپس بھیجنے کی اپیل کر رہا ہے۔ 

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک طرف غلام حیدر بھارتی حکومت سے اپنے بچوں کو واپس پاکستان بھیجنے کی اپیل کر رہے ہیں تو وہیں دوسری جانب وہ ویڈیو میں سیما حیدر کے وکیل اے پی سنگھ اور نیترپال کو وارننگ دیتے ہوئے بھی نظر آ رہے ہیں۔ غلام حیدر نے ویڈیو میں یہ بھی بتایا کہ وہ جلد ہی پاکستان سے بھارت آئیں گے۔

غلام حیدر نے سیما حیدر پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے بچوں کو پاکستان سے غیر قانونی طور پر ہندوستان لے گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنے بچوں کو لینے ہندوستان ضرور جاؤں گا، مجھے ہندوستان کے لوگوں اور ہندوستان کے قوانین پر پورا بھروسہ ہے۔ وہ میری لڑائی میں میرا ساتھ ضرور دیں گے۔

غلام نے سیما حیدر پر کئی الزامات لگائے ہیں۔ انہوں نے یہاں تک کہا کہ سیما حیدر چور ہے۔ ایک مجرم ہے، وہ میری جائیداد اور گھر بیچ کر ہندوستان بھاگ گئی ہے، جس کی وجہ سے آج میں سڑک پر ہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک دن میں تمہیں پھانسی کے پھندے تک لے جاؤں گا۔ یہ میری زندگی کا مقصد بن چکا ہے۔

غلام حیدر نے کہا کہ مجھے مودی جی اور یوگی جی کے ساتھ ساتھ پاکستان حکومت پر بھی پورا بھروسہ ہے۔ انہوں نے سچن مینا، اے پی سنگھ، نیترپال کو بھی وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ یاد رکھو، تم لوگ جو کچھ بھی کر رہے ہو اور جو کچھ تم نے اب تک کیا ہے، غلام حیدر تم سب کو اس کی سزا دلوا کر رہے گا۔