پی سی بی نے قومی ٹیم کی سلیکشن پر جاری تنقید کو بے جا قرار دے دیا

پی سی بی نے قومی ٹیم کی سلیکشن پر جاری تنقید کو بے جا قرار دے دیا
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ قومی سکواڈ کی حمایت میں میدان میں آ گئےاور قومی ٹیم کی سلیکشن کے حوالے سے جاری تنقید کو بے جا قرار دیدیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ قومی ٹیم کے ماحول سے متعلق حقائق کے منافی رپورٹس گردش کر رہی ہیں۔ آئندہ بین الاقوامی اسائنمنٹس کے لیے اسکواڈ کا اعلان کیا جاچکا ہے اور اس سلسلے میں جو سمت اختیار کی گئی ہے ہمارے کپتان بابر اعظم مکمل طور پر اس کے پیچھے کھڑے ہیں۔

چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے بتایا کہ منگل کی سہ پہر کچھ کھلاڑیوں نے پاکستان کے سابق کپتان اور پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے موجودہ رکن رمیز راجہ کے ساتھ ملاقات کی ہے۔ جو بہت صحت مندانہ اور مثبت رہی۔انہوں نے بتایا کہ اس ملاقات میں اتفاق کیا گیا ہے کہ ہمیں آئندہ سیریز میں کس برانڈ کی کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے۔وسیم خان کا کہنا تھا کہ لازم ہے کہ ہم سب مل کر اس اسکواڈ کو مستحکم کریں اور اس کی مکمل پشت پناہی کریں تاکہ اس کی تمام تر توجہ آئندہ ماہ شیڈول آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر مرکوز ہو سکے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کھلاڑیوں کی رمیز راجہ سے ملاقات ہوئی تھی ۔نامزد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے قومی کھلاڑیوں سےملاقات میں کہا ہے کہ جیتں یا ہاریں،آپ نے بس جارحانہ کرکٹ کھیلنی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں رمیزراجہ نےایک سے 2 تبدیلیوں کاعندیہ بھی دیا ہے۔ ملاقات میں6 سینئرکھلاڑیوں نے رمیزراجہ سےسوالات کیے۔

نامزد چیئرمین کا کہنا تھا جانتا ہوں ورلڈکپ کیلئےاعلان کردہ اسکواڈ پرتنقید ہو رہی ہے۔فکرنہ کریں ابھی ٹیم میں تبدیلی کی گنجائش اوروقت موجود ہے۔ آپ لوگ کارکردگی پرتوجہ دیں،میڈیاکومیں سنبھال لوں گا۔