ٹی ایل پی کالعدم قرار دیے جانے کیخلاف 30 روز میں اپیل کر سکتی ہے : شیخ رشید

ٹی ایل پی کالعدم قرار دیے جانے کیخلاف 30 روز میں اپیل کر سکتی ہے : شیخ رشید
وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ بیس اپریل کو سات گھنٹے مذاکرات کےبعد ٹی ایل پی سے معاملات طے پائے،سات سو تینتیس میں سےچھ سو انہتر لوگوں کو رہا کردیا گیاہے۔ ٹی ایل پی کالعدم قرار دیے جانے کے خلاف 30 روز میں اپیل کر سکتی ہے ، اپیل پر کمیٹی بنے گی جو اس کا فیصلہ کر ے گی۔

وفاقی دارلحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ شید نے کہاہے کہ ریاست اپنی آب وتاب کے ساتھ قائم ہے اور کسی کے دباؤمیں نہیں ہے،اتوارتک ہم بہترپوزیشن میں تھے،ناموس رسالتﷺکی خاطرہم دوبارہ بیٹھے،20 اپریل کو 7 گھنٹے مذاکرات کے بعدٹی ایل پی سے معاملات طے پاگئے ۔ان کا کہنا تھا کہ یرغمال 12 لوگ 19 اپریل کی رات کوہی واپس کردیئے تھے۔

شیخ رشید کا کہناتھا کہ 19 اپریل کی رات کوطے پایامسودہ قومی اسمبلی میں پیش کریں گے،قراردادمیں فرانس کے سفیرکوملک سے نکالنے پربحث شامل تھی،ناموس رسالتﷺ کیلئے عمران خان نے اقوام متحدہ اوراوآئی سی میں بات کی،ناموس رسالتﷺ پرعمران خان نے مسلم ممالک کے سربراہان کوخط لکھے،معاہدے میں طے پایاایم پی او کے تحت گرفتارافرادکورہاکریں گے،733 میں سے 669 لوگوں کورہاکردیاگیا ،رہائی پانے والوں میں زیادہ کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 210 ایف آئی آرزعدالتی عمل سے گزریں گی اور سعدرضوی کاکیس بھی عدالتی پراسیس سے گزرے گا،جوبھی قانون ہاتھ میں لے گاقانون اس کیخلاف حرکت میں آئےگا،سوشل میڈیاپرایسے لوگوں کومردہ دکھایاگیاجنہوں نے خودآکرکہاوہ زندہ ہیں،خوشگوارماحول میں معاملہ پایہ تکمیل تک پہنچا۔

شیخ رشید کا کہناتھا کہ ٹی ایل پی کو کالعدم قرار دیا گیا ہے وہ تیس روز میں اپیل کر سکتے ہیں ، کالعدم تنظیم تیس روز میں اپیل کرے گی پھر اپیل پر کمیٹی بنے گی جو اس کا فیصلہ کر ے گی ۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران بیس گاڑیاں جلائی گئیں ، پانچ واپس کر دی گئیں ۔