شمالی وزیرستان میں شہید ہونیوالے افسران کی نماز جنازہ ادا

شمالی وزیرستان میں شہید ہونیوالے افسران کی نماز جنازہ ادا
کیپشن: شمالی وزیرستان میں شہید ہونیوالے افسران کی نماز جنازہ ادا

ایک نیوز :شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں گزشتہ روز شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران کی نماز جناز ا ادا کر دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف شہید اور کیپٹن محمد احمد شہید کی نمازجنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں صدر آصف زرداری، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، وزیر خارجہ، وزیر داخلہ، اعلیٰ حاضر سروس فوجی اور سول افسران بھی شریک ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کراچی کے رہائشی تھے جبکہ 23 سالہ کیپٹن محمد احمد بدر شہید تلہ گنگ کے رہائشی تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا کی میتیں ان کے آبائی علاقوں میں پہنچا دی گئی ہیں جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک کیا جائےگا۔

اس موقع پر صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ پاک فوج نے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے نظریات کو مسلسل برقرار رکھا ہے، پاک فوج نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت اور وفاداری کے اعلیٰ معیار قائم کیے ہیں۔

صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بہادر بیٹوں نے مادر وطن کے دفاع کیلئے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کیا، پوری قوم ہماری مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا عظیم قربانی بہادر بیٹوں کے غیر متزلزل عزم کی مثال ہے جو ان کی شہادت کی صورت میں موجود ہے۔یاد رہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشتگردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی جوان شہید ہوگئے، جوابی کارروائی میں 6 دہشتگرد بھی مارے گئے تھے۔