سعودی وزیر خارجہ پاکستان پہنچ گئے،پرتپاک استقبال 

سعودی وزیر خارجہ پاکستان پہنچ گئے،پرتپاک استقبال 
کیپشن: سعودی وزیر خارجہ پاکستان پہنچ گئے،پرتپاک استقبال 

ایک نیوز:سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ اسلام آباد پہنچ گئے،ایئرپورٹ پر وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے استقبال کیا۔

 ذرائع کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کے ہمراہ آنے والے سعودی وزرا آج رات علیحدہ پرواز سے اسلام آباد پہنچیں گے۔سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کی مصروفیات کا سلسلہ کل سے شروع ہو گا۔سعودی وفد   پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق سعودی وفد میں وزیر آب و زراعت انجینئر عبدالرحمٰن عبدالمحسن الفادلی،سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخورائف اور نائب وزیر سرمایہ کاری بدر البدر،سربراہ سعودی خصوصی کمیٹی محمد مازید التویجری اور وزارت توانائی و سعودی فنڈ برایے سرمایہ کاری کے حکام بھی شامل ہیں۔

سعودی وزیر توانائی وفد کا حصہ نہیں ہین تاہم سعودہ عرب کی توانائی کی ٹیم پاکستان پہنچے گی۔

ذرائع  کے مطابق سعودی وفد کے دورے کا مشرق وسطی میں حالیہ واقعات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق سعودی وفد کا دورہ وزیر اعظم شہباز شریف اور ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان مکہ ملاقات کے دوران دو طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کی مفاہمت کو تیز کرنے کے لیے ہے۔

فیصل بن فرحان بن عبداللہ کل صدر مملکت,  وزیر اعظم مسلح افواج کے سربراہ سے ملاقاتیں کریں گے۔

فیصل بن فرحان بن عبداللہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ کل ایس آئی ایف سی اپیکس کمیٹی کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

دونوں وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔سعودی وزیر خارجہ, وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ کل دوپہر میڈیا سے مشترکہ گفتگو بھی کریں گے۔

ذرائع کے مطابق سعودی وفد کے دورے کے دوران سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا جاے گا۔ پاکستان  موجودہ منصوبوں کے ساتھ سعودی سرمایہ کاری کے لیے نیے منصوبوں کی تجاویز پیش کرے گا۔سعودی عرب کی جانب سے ایک طویل عرصہ کے بعد اعلی سطح پر دورہ کیا جا رہا ہے۔

 پاک سعودی وزرائے خارجہ کی ملاقاتوں میں سعودی عرب کے پاکستان میں آئل ریفائنری کے قیام کے حوالے سے ابتدائی سطح پر بات چیت ہو گی۔سعودی عرب بنیادی طور پر کان کنی کے شعبہ بالخصوص ریکوڈک میں دلچسپی کا اظہار کر رہا ہے۔ پاکستان سعودی عرب سے معدنیات کے علاوہ زراعت مین سرمایہ کاری کے لیے تجاویز پیش کرے گا,۔

ذرائع کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کے دورے میں کوئی بڑے اعلانات متوقع نہیں ہیں۔تاہم ابتدائی سطح پر 5 ارب ڈالرز کی سعودی سرمایہ کاری کے لیے مختلف منصوبوں پر غور ہو گا,۔سعودی وفد سے کامیاب مذاکرات کی صورت میں معاہدوں کے بعد رواں برس سعودی ولی عہد محمبد بن سلمان پاکستان کا دورہ کر سکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق محمد بن سلمان کا 2022 میں دورہ پاکستان اس وقت کے سیاسی حالات اور معاشی پیش رفت کی عدم موجودگی میں منسوخ ہوا تھا۔سعودی ولی عہد پاکستان کے ساتھ مثبت تعلقات کے فروغ اور مشترکہ منصوبوَں میں پیش رفت کی صورت کیں دورہ پاکستان کر سکتے ہیں۔