'ہمیں پاکستان سے پیار ہے'، بھارتی فین کی قومی ٹیم سے محبت کی ویڈیو وائرل

'ہمیں پاکستان سے پیار ہے'، بھارتی فین کی قومی ٹیم سے محبت کی ویڈیو وائرل

ایک نیوز: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کیساتھ ایک بھارتی مداح کی ویڈیو وائرل ہے جس میں مداح پاکستانی کرکٹرز سے والہانہ محبت کا اظہار کررہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ کیلئے بھارت میں موجود پاکستانی ٹیم حیدرآباد دکن سے احمد آباد پہنچی جس پر قومی ٹیم کا ہوٹل میں شاندار استقبال کیا گیا اور کھلاڑیوں کو روایتی شال پیش کی گئی۔اس سے قبل چارٹر فلائٹ میں قومی ٹیم نے کیک کاٹ کر سری لنکا کے خلاف جیت کا جشن منایا اور افتخار احمد نے کھلاڑیوں کا منہ میٹھا کروایا۔ 
تاہم اس دوران ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ائیرپورٹ پر موجود بھارتی مداح کرکٹرز کے ائیرپورٹ پہنچنے کے مناظر کو عکسبند کررہا ہے۔ویڈیو میں سب سے پہلے رضوان، پھر کپتان بابر اعظم اور پھر شاداب آتے نظر آرہے ہیں، مداح ایک ایک کرکے سب کو سلام کرتا ہے اور پھر کہتا ہے 'ہم پاکستان سے محبت کرتے ہیں، ہمیں آپ سے بھی پیار ہے سر'۔بھارتی مداح کی یہ ویڈیو وائرل ہے جسے پاکستانی شائقین کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب کچھ بھارتی سوشل میڈیا صارفین مداح کو سخت تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔