انتخابات کے کامیاب انعقاد پر آرمی چیف کی مبارکباد

انتخابات کے کامیاب انعقاد پر آرمی چیف کی مبارکباد
کیپشن: Congratulations to the Army Chief on the successful conduct of the elections

ویب ڈیسک: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے عام انتخابات 2024 کے کامیاب انعقاد پر پوری پاکستانی قوم، نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن، سیاسی جماعتوں اور تمام جیتنے والے امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات اور جمہوریت پاکستان کے عوام کی خدمت کا ذریعہ ہیں، جمہوری قوتوں کی نمائندہ متحد حکومت قومی مقصد بہتر طریقے سے پیش کرے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی جانب سے عام انتخابات 2024ء کے کامیاب انعقاد پر پوری پاکستانی قوم، نگراں حکومت، الیکشن کمیشن آف پاکستان، سیاسی جماعتوں اور تمام جیتنے والے امیدواروں کو مبارکباد دی ہے۔

عام انتخابات کے حوالے سے پاکستان قوم کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاکستانی عوام کی اپنے حق رائے دہی کے استعمال کے لیے آزادانہ اور بلا روک ٹوک شرکت، جمہوریت کے لیے ان کے عزم کا ثبوت ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قیادت اور اہلکار بے تحاشا مشکلات کے باوجود انتخابی عمل کے لیے محفوظ ماحول بنانے کے لیے ہماری سب سے زیادہ تعریف کے مستحق ہیں۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ قومی میڈیا، سول سوسائٹی، سول انتظامیہ اورعدلیہ کے ارکان کے تعمیری کردار نے قومی تاریخ کی سب سے بڑی انتخابی مشق کے کامیاب انعقاد کو ممکن بنایا، تمام جمہوری قوتوں کی نمائندہ متحد حکومت، پاکستان کی متنوع سیاست اور تکثیریت کو قومی مقصد کے ساتھ بہتر طریقے سے پیش کرے گی، انتخابات اور جمہوریت پاکستان کے عوام کی خدمت کا ذریعہ ہیں۔

پاک فوج کے سپہ سالار نے زور دیا کہ قوم کو انتشار اور پولرائزیشن کی سیاست سے آگے بڑھنے کے لیے مستحکم ہاتھوں اور ایک شفا بخش رابطے کی ضرورت ہے، پولرائزیشن اور انتشار 250 ملین آبادی والے ترقی پسند ملک کے لیے موزوں نہیں ہے، انتخابات جیتنے اور ہارنے کا مقابلہ نہیں بلکہ عوام کے مینڈیٹ کا تعین کرنے کی مشق ہے، سیاسی قیادت اور ان کے کارکنوں کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر حکومت اور عوام کی خدمت کرنے کی کوششوں کو ہم آہنگ کرنا چاہیئے جو جمہوریت کو فعال اور بامقصد بنانے کا واحد راستہ ہے۔

 آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ جیسا کہ پاکستان کے عوام نے آئین پاکستان پر اپنا مشترکہ اعتماد ظاہر کیا ہے، اب تمام سیاسی جماعتوں پر فرض ہے کہ وہ سیاسی پختگی اور اتحاد کے ساتھ اس کا جواب دیں، جب ہم اس قومی سنگ میل سے آگے بڑھتے ہیں تو ہمیں اس بات پر غور کرنا چاہیئے کہ آج ملک کہاں کھڑا ہے اور باقی اقوام میں ہمارا صحیح مقام کہاں ہونا چاہیئے۔ 

پاک فوج کے سربراہ نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتخابات سیاسی اور معاشی استحکام لائیں اور ہمارے پیارے پاکستان کے لیے امن اور خوشحالی کا مرکز ثابت ہوں۔