دکھ کی اس گھڑی میں مسلم کمیونٹی کے ساتھ ہیں:کینیڈین وزیر اعظم

دکھ کی اس گھڑی میں مسلم کمیونٹی کے ساتھ ہیں:کینیڈین وزیر اعظم
اونٹاریو : کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے پاکستانی خاندان کے قتل کو دہشتگردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلاموفوبیا،نسلی تعصب ایک حقیقت ہے،دکھ کی اس گھڑی میں مسلم کمیونٹی کے ساتھ ہیں، انتہاپسندوں کودہشتگردوں کی فہرست میں ڈال کرایکشن لیں گے۔

تفصیلات کے مطابق کینیڈا میں پاکستانی خاندان کی دہشت گرد حملے میں شہادت پرسوگ کا سماں ہے ، انٹاریو میں دہشت گرد حملے میں شہیدپاکستانی خاندان کو خراج عقیدت پیش کرنےکیلئے جامع مسجد لندن میں تقریب ہوئی، جس میں کینیڈین وزیراعظم ، میئرلندن سمیت ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔

تقریب میں دہشت گرد حملے کی مذمت کی گئی اور مسلم کمیونٹی سےیکجہتی کا اظہار کیا گیا، کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مسلم کمیونٹی کےساتھ ہیں، خطرات کا شکار کمیو نٹیوں کا تحفظ کریں گے۔ پاکستانی خاندان کے خلاف دہشت گردی پر کینیڈین پارلیمنٹ میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی اورشہریوں نے جائے حادثہ پر پھول بھی رکھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کینڈین دہشت گرد ٹرک ڈرائیور نے ایک ہی پاکستانی خاندان کے پانچ افراد کو کچل ڈالا تھا۔ تین خواتین سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ 9برس کا بچہ شدید زخمی ہے۔ متاثرہ خاندان کا تعلق لاہور سے تھا۔ جودس برس قبل کینیڈا منتقل ہوئے۔ کینیڈین پولیس نے واقعہ مذہبی منافرت کا نتیجہ قرار دے دیا۔

چہل قدمی کے دوران خاندان کو نشانہ بنایا گیا۔ جاں بحق ہونے والے 46 سالا سلمان افضل فزیوتھراپسٹ ہیں۔ان کی 44 سالہ اہلیہ مدیحہ ویسٹرن یونیورسٹی لندن میں پی ایچ ڈی کی طالبہ تھیں جبکہ سلمان کی 74 سالہ والدہ پاکستان سے وزٹ ویزے پرکینیڈا گئی تھیں۔واقعہ میں سلمان کی 15 سال کی بیٹی یمنیٰ بھی جاں بحق ہوئی جبکہ بیٹا فائز اس وقت اسپتال میں زیرعلاج ہے۔