سیالکوٹ میں خاتون ٹک ٹاکر نے عاشق سے شوہر قتل کرادیا

سیالکوٹ میں خاتون ٹک ٹاکر نے عاشق سے شوہر قتل کرادیا
ایک نیوز نیوز: سیالکوٹ میں ٹک ٹاکر خاتون جائیدادحاصل کرنے کےلئے ساتھی سے مل کر شوہر کو قتل کرادیا۔
سیالکوٹ پولیس کے مطابق میمونہ ارم شہزادی نامی خاتون کو مکمل ثبوتوں کے ساتھ حراست میں لیا گیا اور انہوں نے پولیس کے سامنے اقبال جرم بھی کر لیا ہے۔ میمونہ ارم کے تین بچے بھی ہیں اور ان کے شوہر خلیل احمد کویت میں کاروبار کرتے تھے۔
ڈی پی او سیالکوٹ سید ذیشان کا کہنا ہے کہ 30 اپریل کو تھانہ اگوکی کی حدود میں میاں بیوی موٹر سائیکل پر جا رہے تھے اور انہیں دو ڈاکوؤں نے روکا۔ جب ڈاکو خاتون کی انگوٹھی اتارنے لگے تو شوہر نے مزاحمت کی جس پر اسے گولی مار دی گئی ،تاہم پولیس نے جب اس واقعہ کی تفتیش شروع کی تو صورت حال آہستہ آہستہ بدلنا شروع ہوئی۔ شک شروع سے ہی تھا ۔پولیس تفتیش اور ملزمہ کے بیانات کی روشنی میں معلوم ہوا کہ قتل کی یہ واردات ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ تھی۔
تفتیشی افسر ملک قمر کے مطابق میمونہ کے شوہر خلیل احمد کو 30 اپریل کی رات خود میمونہ نے ایک جگہ چلنے کو کہا۔ اور اصرار کیا کہ موٹر سائیکل پر جانا ہے۔ حالانکہ ان کے پاس دو گاڑیاں تھیں۔ اگوکی کے قریب میمونہ نے اچانک اپنے شوہر سے کہا کہ اس کی جوتی گر گئی ہے۔ موٹر سائیکل روکنے پر وہ خود پیدل چلتی ہوئی پیچھے گئی اس جگہ کھڑے دو افراد نے پستول سے فائر کر کے خلیل کو قتل کر دیا
پولیس تفتیش میں یہ بھی بات سامنے آئی کہ میمونہ ارم ٹک ٹاک پر بہت سرگرم اور مشہور ہیں۔ جبکہ ان کی ٹک ٹاک ویڈیوز میں ان کے ساتھ ایک نوجوان بھی نظر آتا ہے جو میمونہ ارم کے مطابق ان کا دور کا رشتہ دار ہے۔ رضوان عرف زین نامی اس نوجوان کی موبائل لوکیشن اور قتل کی اس واردات سے پہلے میمونہ ارم سے رابطوں کا سراغ بھی پولیس نے لگا لیا۔ رضوان اور اس کا ساتھی تاحال فرار ہیں تاہم پولیس نے اس قتل کے الزام میں میمونہ ارم کو حراست میں لے لیا ہے۔ بدھ سات جولائی کو عدالت نے پانچ روز کے جسمانی ریمانڈ پر میمونہ کو پولیس کے حوالے کیا۔
خلیل احمد نے اپنی جائیداد کا بڑا حصہ پہلے ہی اپنی بیوی کے نام کر رکھا ہے۔ جبکہ یہ شک ظاہر کیا گیا کہ خاتون گزشتہ کچھ عرصے سے اپنے شوہر کو راستے سے ہٹانا چاہتی تھی۔
۔