پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ون ڈے سیریز میں 2-1 سے شکست دے دی

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ون ڈے سیریز میں 2-1 سے شکست دے دی
سنچورین: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے میچ میں 28 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی، جنوبی افریقی ٹیم 321 رنز کے تعاقب میں 49.3 اوورز میں 292 رنز بناسکی، تاہم پاکستان نے 8 سال بعد جنوبی افریقہ کو اسی کی سرزمین پر شکست دی ۔

سنچورین کے میدان میں کھیلے جانے والے میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر گرین شرٹس کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا۔ اوپننگ جوڑی نے پہلی وکٹ کے لیے 112 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ امام 57 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔فخر زمان اور بابراعظم نے اپنی عمدہ فارم کا تسلسل جاری رکھا، دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 101 اور 94 رنز کی اننگز کھیلی۔اننگز کے آخری اوورز میں حسن علی نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور ایک اوور میں چار چھکے لگائے۔اس طرح قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز اسکور کئے۔جنوبی افریقا کی جانب سے کیشومہاراج نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایڈن مکرم نے دو جبکہ جے جے سمٹ نے ایک وکٹ حاصل کیں۔



ہدف کے تعاقب میں اوپنر مرکرام 18 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا نشانہ بنے، سمٹ کو 17 رنز پر عثمان قادر نے آؤٹ کیا، کلاسن 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔تاہم ملان، فلک وایو اور کائل ویرینے کی نصف سنچریاں بھی جنوبی افریقہ کو شکست سے نہ بچاسکیں، ملان نے 70 رنز کی اننگز کھیلی، فلاک وائیو اور کائل ویرینے بالترتیب 54 اور 62 رنز بناسکے۔کیشو مہاراج کو 19 رنز پر شاہین شاہ آفریدی نے بولڈ کیا، بیرن ہینڈرس ایک رن بناسکے۔پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل فیصلہ کن معرکے کے لئے قومی ٹیم میں چار تبدیلیاں کیں گئیں ، طویل عرصے سے اسکواڈ میں شامل وکٹ کیپر سرفراز احمد آج فائنل الیون میں شامل ہوئے ، اس کے علاوہ فاسٹ بولر حسن علی ، محمد نواز بھی ٹیم کا حصہ بنے، ساتھ ہی عثمان قادر کو ڈے ڈیبیو کرایا گیا۔آصف علی ، دانش عزیز، محمد حسنین کو ڈراپ کیا گیا جبکہ انجرڈ شاداب خان سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔پاکستانی اسکواڈ میں امام الحق، فخر زمان، بابراعظم ، محمد رضوان، سرفراز احمد، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی ،شاہین شاہ آفریدی، عثمان قادر اور حارث روف شامل تھے۔