لوٹا وہ ہے جو اپوزیشن چھوڑ کر حکومت میں آئے،مریم نوازکی نئی منطق

لوٹا وہ ہے جو اپوزیشن چھوڑ کر حکومت میں آئے،مریم نوازکی نئی منطق
ایک نیوز نیوز: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمتیں عمران خان کے آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدے کے باعث بڑھانا پڑیں، عمران خان نے خزانہ خالی کردیا،آج پاکستان کے پاس کچھ نہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کر کے پاکستان کا برا حال کردیا، پھر معاہدے کی خلاف ورزی کر کے اور برا کیا، آئی ایم ایف اب معاہدے کے لیے ناک سے لکیریں لگوا رہا ہے، عمران خان نے خزانہ خالی کردیا، آج پاکستان کے پاس کچھ نہیں ہے، وعدہ کرتی ہوں مسائل سے نکالنا ہماری ذمہ داری ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ محنت کرکے نواز شریف اور شہباز شریف آپ کو بحرانوں سے نکالیں گے، حکومت کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں دل پر پتھر رکھ کر بڑھانا پڑیں، انھوں نے سمجھا مریم نواز عوام میں نہیں نکلے گی، جب بھی عوام تکلیف میں ہوگی نوازشریف کی بیٹی نکلے گی، میں آلو پیاز کے ریٹ پتا کرنے آئی ہوں اور آپ کے ساتھ کھڑی ہوں گی، یہ مسائل ہمارے پیدا کردہ نہیں ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ فتنہ خان آپ کو جن مسائل میں چھوڑ کر گیا پوری محنت سےانہیں ختم کریں گے، اگر ن لیگ نے چیلنجز میں حکومت لے لی تو نمٹنا بھی آتا ہے، 2018 میں جب الیکشن چرا کر مسلط ہوا تو اس نے خزانے پر بھی ہاتھ صاف کرلیا، فتنہ خان نے پاکستان کو سری لنکا بنانے کا پورا بندوبست کیا ہوا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے آٹے پر چینی پر سبسڈی دی، فتنہ خان نے تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا پنجاب کے عوام کے مینڈیٹ پر ڈالا، پنجاب 12 کروڑ عوام کا صوبہ ہے جس پر فرح گوگی کو مسلط کردیا گیا، ابراہیم مانیکا 4 سالوں میں ارب پتی ہوگیا، جو بھی ٹینڈر پاس ہوتا اس میں ابراہیم مانیکا کاحصہ جاتا۔
لیگی نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے امیدواروں کو کہہ رہا ہے یہ پارٹی چھوڑ کر آئے ہیں جبکہ عمران خان کی پارٹی سے لوٹوں کو نکال دو تو کچھ نہیں بچتا، لوٹا وہ ہوتا ہے جو اپوزیشن چھوڑ کر حکومت میں آئے، ہمارےامیدوار وہ ہیں جو عمران کی حکومت چھوڑ کر اپوزیشن میں آئے۔