آسٹریلوی شہریوں کی بھارت سے وطن واپسی جرم قرار

آسٹریلوی شہریوں کی بھارت سے وطن واپسی جرم قرار
سڈنی : بھارت میں کورونا کی بدترین صورتحال کو دیکھتے ہوئے آسٹریلوی حکومت نے بھارت میں موجود اپنے شہریوں کی وطن واپسی پر پابندی عائد کرتے ہوئے اسے جرم قرار دیدیا۔

غیر ملکی میڈیا کےمطابق آسٹریلوی حکومت نے فیصلہ کیاہےکہ بھارت میں موجود اس کے شہریوں کو وطن واپسی کی صورت میں سزائیں دی جائیں گی۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ بھارت میں موجود آسٹریلوی شہری اگر وطن واپس جائیں گے تو انہیں پانچ سال جیل اور بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جب کہ اس سے قبل آسٹریلوی حکومت نے بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان سفر پر عارضی پابندی بھی عائد کی تھی۔

آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ آسٹریلیا کی حکومت نے اپنے شہریوں کی وطن واپسی کو ہی جرم قرار دے دیا ہے۔آسٹریلوی حکومت نے اعلان کیا ہےکہ ایسا کوئی بھی شہری جو 14 روز سے بھارت میں موجود ہے اور اب وطن واپسی کا ارادہ رکھتا ہے اس کے پیر کے روز سے وطن واپسی پر پابندی عائد کردی جائے گی جب کہ حکومتی احکامات پر عمل نہ کرنے والوں کو 5 سال جیل اور 66 ہزار آسٹریلوی ڈالر کا جرمانہ بھی کیا جاسکتا ہے۔حکومت کا کہنا ہےکہ اس فیصلے پر 15 مئی کو دوبارہ غور کیا جائے گا۔

آسٹریلوی وزارت صحت کا کہنا ہےکہ یہ فیصلہ قرنطینہ میں موجود لوگوں کے تناسب کی بنیاد پر کیا گیا ہے جو بھارت میں کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ایک اندازے کے مطابق بھارت میں تقریباً 9 ہزار آسٹریلوی شہری موجود ہیں جن میں 600 ابتر حالات میں ہیں۔