سندھ: پریزائیڈنگ آفیسرکو تھپڑ مارنے کی ویڈیو وائرل

سندھ: پریزائیڈنگ آفیسرکو تھپڑ مارنے کی ویڈیو وائرل
ایک نیوز نیوز: سندھ میں 26 جون کو پہلے مرحلے کے ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران اسلام کوٹ میں سرکاری ملازم کیجانب سے پریزائیڈنگ آفیسر کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ میں 26 جون کو پہلے مرحلے کے ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران ضلع تھرپارکر کی تحصیل اسلام کوٹ میں سرکاری ملازم نے سے پریزائیڈنگ آفیسر کو تھپڑ مارا اور گالم گلوچ بھی کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
تحصیل اسلام کوٹ کے پولنگ اسٹیشن پر سرکاری ملازم کی جانب سے پریزائیڈنگ آفیسر کے ساتھ گالم گلوچ اور تھپڑ مارنے کے معاملے کا الیکشن کمیشن سندھ نے نوٹس لے لیا۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن تھر پارکر کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز اور ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن سندھ نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، مانیٹرنگ آفیسر اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر تھر پارکر کو اس حوالے سے ہدایات جاری کر دیں۔
الیکشن کمیشن سندھ نے ہدایات جاری کی اور کہا کہ محکمۂ صحت کے ملازم غلام محمد جونیجو نے پریذائیڈنگ آفیسر ڈاکٹر گھنشام کے ساتھ گالم گلوچ کی اور انہیں تھپڑ مارا، لہٰذا واقعے کی جلد انکوائری کرکے مذکورہ شخص کے خلاف کارروائی کریں۔