نوازشریف سے دھاندلی کرکے اقتدار چھینا گیا، شہباز شریف

نوازشریف سے دھاندلی کرکے اقتدار چھینا گیا، شہباز شریف
کیپشن: Power was stolen from Nawaz Sharif by rigging, Shehbaz Sharif

ایک نیوز: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی روشنیوں کا شہر ہے، نواز شریف نے ہمیشہ کراچی کو اہمیت دی۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت میں کراچی اہم کردار ادا کررہا ہے، کراچی کی معیشت ملکی معیشت کا نصف ہے، سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے ہمیشہ کراچی کو اہمیت دی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دیگر شہروں کے لوگ بھی کراچی میں رہتے ہیں، کراچی پاکستان کا گیٹ وے کہلاتا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پانی کی فراہمی کے لیے کے3 اور کے4 منصوبے دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف سے دھاندلی سے اقتدار چھینا گیا، مسلم لیگ (ن) کے قائد نے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر بدامنی کو ختم کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے تاجر، صنعتکار حلال کی کمائی سے ٹیکس ادا کرتے ہیں، کراچی میں گرین لائن منصوبہ شروع کیا گیا۔ اقتدار میں شہر قائد سے ٹینکر مافیا کا خاتمہ کریں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کا منشور جلد عوام کے سامنے آئے گا، کراچی سے ٹینکر مافیا کا خاتمہ کریں گے، البتہ اب ہم سب مل کر قائد کے پاکستان کو خوشحال بنائیں گے۔

سندھ کی 2 اہم شخصیات کی ن لیگ میں شمولیت، شہبازشریف کاخیر مقدم:

صوبہ سندھ کی ممتاز شخصیات کی پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔ 

صوبہ سندھ کی بڑی شخصیات جام قائم اور جام کرم مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے۔ سابق وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں جام قائم اور جام کرم نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ 

شہباز شریف نے جام قائم اور جام کرم کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارک دی۔ انہوں نے کاہ کہ آپ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ آپ کی آمد سے صوبہ سندھ اور پورے پاکستان میں ترقی کا سفر تیز کرنےمیں مدد ملے گی۔ ترقی کا سفر پورے ملک میں یکساں انداز میں آگے بڑھائیں گے۔ 

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن، مرکزی رہنما سردار ایاز صادق، مریم اورنگزیب، رانا مشہود اور کھیل داس کوہستانی بھی موجود تھے۔

کراچی کے دورے پر آئے ہوئے شہباز شریف ایم کیوایم کے مرکز پہنچے۔ جہاں انہوں نے ایم کیوایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول اور رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں ایم کیو ایم کی جانب سے مصطفیٰ کمال، فاروق ستار، امین الحق، نسرین جلیل، انیس قائم خانی و دیگر شریک ہوئے۔

ن لیگ کے وفد میں ایاز صادق، مریم اورنگزیب، سعد رفیق، بشیر میمن، نہال ہاشمی، علی اکبر گجر دیگر شامل تھے۔

تعاون پر MQM کے شکر گزار ہیں: شہباز شریف

اس موقع پر شہباز شریف نے نواز شریف کا سلام اور خصوصی پیغام متحدہ کی قیادت کو پہنچایا۔

شہباز شریف نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ اپنے دوستوں سے ملنے آیا ہوں، نواز شریف کا پیغام اور سلام لایا ہوں۔

شہباز شریف نے ایم کیو ایم کے کنوینر، اراکین رابطہ کمیٹی اوردیگررہنماؤں سے ملاقات کے دوران کہا کہ ایم کیو ایم نے گزشتہ حکومت میں ہمارے ساتھ بہت تعاون کیا جس کے لیے ان کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آگے بھی بہت سے چیلنجز کا سامنا ہو گا، ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ ن مل کر ان چیلنجز کا سامنا کریں گی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ دونوں جماعتوں کی قیادت نے صوبائی سطح پر بنائی گئی کمیٹیوں کی سفارشات پر بھی غور کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق کمیٹی آئندہ دو تین روز مین مذاکرات کرے گی۔