شاہ محمود قریشی کاتمام مقدمات میں جسمانی ریمانڈ مسترد،اڈیالہ جیل منتقل کرنےکاحکم

شاہ محمود قریشی کاتمام مقدمات میں جسمانی ریمانڈ مسترد،اڈیالہ جیل منتقل کرنےکاحکم
کیپشن: شاہ محمود قریشی کاتمام مقدمات میں جسمانی ریمانڈ مسترد،اڈیالہ جیل منتقل کرنےکاحکم

ایک نیوز: راولپنڈی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈیوٹی مجسٹریٹ سید جہانگیر علی سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی۔پراسیکیوشن نے شاہ محمود قریشی کا 30 روز کا ریمانڈ مانگ لیا۔

سماعت کے آغاز میں شاہ محمود قریشی نے ہتھکڑیوں میں جکڑے ہاتھ بلند کر کے جج کو دکھائے۔

شاہ محمود قریشی نے عدالت کو بتایا کہ پیمرا سے ریکارڈ منگوا لیں میں کراچی میں موجود تھا، میری بیوی آغا خان ہسپتال میں تھیں جن کے پاس میں موجود تھا، مجھے سپریم کورٹ کے تین ججز نے رہا کرنے کا حکم دیا، سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود مجھے 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ رات مجھے گرفتار کیا جاتا ہے صبح آکر کہا جاتا ہے آپ کو رہا کر رہے ہیں، میں نے کہا کیا وجہ ہے جس پر کہا جاتا ہے کہ کیس میں سقم ہے، مجھے ایک حکمنامے کے بعد گرفتار کیا جاتا ہے پھر آرڈر واپس لیا جاتا ہے، مجھے 26 دسمبر کو گرفتار کرنے کا حکم دیا پھر ہاتھ سے تاریخ کاٹ کر 27 لکھا گیا، ابھی جیل کی حدود میں تھا کہ پنجاب پولیس گرفتار کرنے پہنچ گئی۔

ایس ایچ او نے مجھ پر تشدد کیا: قریشی عدالت میں آبدیدہ

شاہ محمود قریشی کمرہ عدالت میں آبدیدہ ہو گئے اور کہا کہ میں پانچ بار ممبر اسمبلی رہا، ایس ایچ او نے مجھے مکا مارا اور لات ماری، ایس ایچ او نے مجھ پر تشدد کیا، مجھے سینے میں تکلیف ہوئی گھنٹوں تک ایس پی سے درخواست کی کہ ہسپتال لے جاؤ، میں نے منتیں کیں مجھے سینے میں تکلیف ہے لیکن ڈاکٹر کے پاس نہ لے جایا گیا، ایک ڈاکٹر کو بلایا جس کے پاس محض بلڈ پریشر دیکھنے کی مشین تھی۔

سابق وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ مجھ سے بیان لینا چاہا لیکن میں نے وکلاء کے سامنے بیان دینے کا فیصلہ کیا، مجھے سخت ترین سردی میں رکھا گیا، رات نیند تک نہ آئی، مجھے جسمانی اور ذہنی طور پر ٹارچر کیا گیا اور تشدد کیا گیا، میں نے پاکستان کی نمائندگی کی، ہر جگہ پاکستان کی صفائیاں دیں، میرے ساتھ اب یہ سلوک کیا جا رہا ہے اور میں کئی ماہ سے جیل میں ہوں، کیا یہ انصاف ہے مجھ پر تشدد ہوا، اوپر اللہ نیچے آپ کا قلم ہے۔

’’طاقتور ترین شخص نے کہا آپ کا 9 مئی میں کردار نہیں‘‘
شاہ محمود قریشی نے جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے تقریر میں کہا قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا، میں نے کہا کسی کی دہلیز عبور نہیں کرنی، میں نے بیان میں کہا تھا کہ فیملیز کے ہمراہ پرامن احتجاج کریں، ایک بہت ذمے دار آدمی نے مجھے کہا کہ چھانٹ کر دیکھا آپ صاف ہیں، آپ کو اکیلے میں بتا سکتا ہوں کس طاقتور ترین شخص نے کہا آپ کا 9 مئی میں کردار نہیں، وہ شخص اس پورے نظام کے کرتا دھرتا ہیں جنہوں نے کہا آپ 9 مئی میں ملوث نہیں، میرا پورا بیان سامنے لایا جائے جو یہاں ہے۔

شاہ محمود قریشی کی ہتھکڑیاں کھولنے کا حکم

وکیل تیمور ملک نے جج سے شاہ محمود قریشی کی ہتھکڑیاں کھولنے کی درخواست کی جس کے بعد ڈیوٹی مجسٹریٹ سید جہانگیر علی نے شاہ محمود قریشی کی ہتھکڑیاں کھولنے کا حکم دے دیا۔

شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میرے موکل کو کوئی پولیس والا کک نہیں مار سکتا نہ ہی تشدد کر سکتا ہے۔

شاہ محمود کے ویڈیو بیان کا ٹرانسکرپٹ
عظیم پاکستانیوں آج آپ کو پاکستان کے لیے باہر نکلنا ہو گا، شاہ محمود کے ویڈیو بیان کا ٹرانسکرپٹ پڑھا گیا، پاکستانیوں اپنے بچوں اور فیملی کے ہمراہ نکلیں، نکلیں تاکہ بہتر مستقبل کی بنیاد بنائی جا سکے۔

وکیل علی بخاری نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسی کیس میں ضمانت دے دی تھی، شاہ محمود کے تشدد کے بیان کو سنجیدگی سے لیا جائے اور اسے قلمبند کیا جائے، جب تقریر مل گئی اور ڈیٹا سب مل گیا اب میرے موکل کو کیوں گرفتار رکھا جا رہا ہے، میرے موکل کو بنیادی ایف آئی آر میں شامل نہیں کیا گیا تھا، میرے موکل کا مقدمے میں نام نہیں ہے، سپلیمنٹری کیس میں سزا نہیں ہوتی ڈسچارج کیا جاتا ہے، 11 مئی کو میرے موکل کو 3 ایم پی او کے تحت گلگت بلتستان ہاؤس سے گرفتار کیا گیا، ایم پی او کے تحت گرفتاری کے حکم کو ختم کر کے شاہ محمود کو رہا کیا گیا، جی ایچ کیو کیس میں 12 ملزمان کی ضمانت منظور ہو چکی ہے، عدالت میں پیش تقریر 16 ستمبر کی ہے، اس کا 9 مئی سے کیسے تعلق ہو سکتا ہے، یہ کیس جس نوعیت کا ہے اسے ڈسچارج کیا جائے۔

پراسیکیوٹر اکرم امین نے کہا کہ یہ 9 مئی کی ویڈیوز ہیں جو 16 ستمبر کو ہمیں موصول ہوئیں، یہ تقریر ہے اس کے منفی اور مثبت پہلو ہم دیکھیں گے۔

بعدازاں عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر شاہ محمود قریشی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو بعد میں سناتے ہوئے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی اور شاہ محمود قریشی کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا جس کے بعد پولیس سابق وزیر خارجہ کو لیکر روانہ ہو گئی۔

مزید 12 مقدمات میں گرفتاری

ادھر 7 تھانوں کے ایس ایچ اوز بھی عدالت پہنچ گئے اور تمام ایس ایچ اوز نے شاہ محمود قریشی کی مزید 12 مقدمات میں گرفتاری ڈالتے ہوئے انہیں جی ایچ کیو، آرمی میوزیم حملہ، حساس ادارہ دفتر حملہ، میٹرو بس سٹیشن جلانے سمیت تمام مقدمات میں ملزم نامزد کرتے ہوئے جسمانی ریمانڈ مانگ لیا۔

قبل ازیں سابق وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کو سخت سکیورٹی حصار میں ہتھکڑی لگا کر جوڈیشل کمپلیکس پہنچایا گیا۔

شاہ محمود قریشی کی پیشی، کیس کی میڈیا کوریج پر پابندی
شاہ محمود قریشی کی عدالت میں پیشی کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور ضلع پولیس کی بھاری نفری جوڈیشل کمپلیکس کے باہر تعینات ہے، صحافیوں کو بھی جوڈیشل کمپلیکس میں داخلے سے روک دیا گیا ہے۔