کامیاب جوان پروگرام کے تحت 22ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں : فرخ حبیب

کامیاب جوان پروگرام کے تحت 22ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں : فرخ حبیب
فیصل آباد : وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہےکہ کامیاب جوان پروگرام کے 100ارب میں سے اب تک 22ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں ، جبکہ اب تک 18ہزار سے زائد افراد اس پروگرام سے فائدہ اٹھا چکے ہیں ۔

فیصل آباد میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ کامیاب پروگرام میں حکومت نے 100ارب روپے رکھے ہیں جن سے 45سال سے کم عمر افراد فائدہ اٹھا سکتے ہیں ، اب تک اس پروگرام کے تحت22 ارب روپے جاری کئے جا چکے ہیں ، وزیر اعظم کی پالیسی سے کاروبار ، روزگار میں اضافہ ہوگا۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات نے کہا کہ کورونا کے دوران وزیر اعظم کا موقف واضح تھا کہ عوام اور معیشت کو بچانا ہے ، وزیر اعظم نے دنیا کو سمارٹ لاک ڈاو¿ن کا وژن دیا ، کورونا کے باوجود ہماری معیشت بڑھ رہی ہے ہم اسے مزید آگے بڑھا رہے ہیں ، وزیر خزانہ سمیت پوری ٹیم تمام سٹیک ہولڈرز کیساتھ مشاورت کیلئے تیار رہتے ہیں ۔فرخ حبیب نے کہا کہ تاجر معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں ، تمام سہولیات فراہم کریں گے ۔