نواز شریف کو چوتھی بار وزیراعظم بنواکر ترقی کا سفر دوبارہ شروع کرینگے:شہبازشریف

نواز شریف کو چوتھی بار وزیراعظم بنواکر ترقی کا سفر دوبارہ شروع کرینگے:شہبازشریف
کیپشن: نواز شریف کو چوتھی بار وزیراعظم بنواکر ترقی کا سفر دوبارہ شروع کرینگے:شہبازشریف

ایک نیوز:  پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کو چوتھی بار وزیراعظم منتخب کروا کے ترقی و خوشحالی کا سفر دوبارہ شروع کریں گے۔

 تفصیلات کے مطابق پارٹی سیکرٹریٹ میں پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ن لیگ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ  نوازشریف کی واپسی کے بعد پارٹی میں نیا جوش وولولہ آیا، اب ہم انتخابات میں جارہے ہیں، اللہ نے اگر نوازشریف کو چوتھی مرتبہ موقع دیا تو ترقی و خوشحالی کا سفر دوبارہ شروع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں نوازشریف نے ملک کو ناقابل تسخیر بنانے کا فیصلہ کیا، نوازشریف کو 5ارب ڈالر کی پیش کش کی گئی کہ ایٹمی دھماکہ نہ کریں، نوازشریف نے کہا آپکی پیش کش کا شکریہ مگر ملک کے وقار کی خاطر پیش کش قبول نہیں کرسکتا، اللہ کے فضل سے نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 2013سے 2017تک ترقی کے منصوبوں پر شبانہ روز کام ہوا، پاکستان کو عالمی سطح پر عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا،  ستمبر 2013میں چین کے صدر پاکستان کا دورہ کرنے والے تھے، چینی صدر کے دورے کو مؤخر کرانے کیلئے لانگ مارچ کا ڈھونگ رچایا گیا، 2013کا لانگ مارچ ملکی تاریخ کا سیاہ باب رہے گا، تمام تر کاوشوں کے باوجود بانی پی ٹی آئی نےدھرنے سے اٹھنے سے انکار کردیا۔

صدر ن لیگ نے کہا کہ نوازشریف کے دور میں ترقی کا پہیہ بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا تھا، نوازشریف نے کشکول آگے نہیں کیا ،پاکستان کے وقار کو مقدم رکھا، اب ہم الیکشن کے میدان میں جارہے ہیں، لیگی کارکن اپنی محنت سے نوازشریف کو چوتھی بار وزیراعظم منتخب کرائیں گے، ترقی و خوشحالی کا سفر دوبارہ شروع ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 5سال سے مہنگائی کا طوفان رہا،تفصیل میں نہیں جانا چاہتا، ہم دوبارہ مہنگائی کے طوفان کو کم کرنے کی کوشش کریں گے، ہم اپنی کوشش کریں گےنتائج اللہ کے ہاتھ میں ہیں۔