توہین الیکشن کمیشن کیس،عمران خان کیخلاف سماعت انتخابات کےبعد تک ملتوی

توہین الیکشن کمیشن کیس،عمران خان کیخلاف سماعت انتخابات کےبعد تک ملتوی
کیپشن: توہین الیکشن کمیشن کیس،عمران خان کیخلاف سماعت انتخابات کےبعد تک ملتوی

ایک نیوز: الیکشن کمیشن آٖف پاکستان نے  بانی پی ٹی آئی عمران خان  کیخلاف توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیسز کی سماعت انتخابات کے بعد  تک ملتوی کر دی۔

 تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں  توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیسز کی سماعت ہوئی ،ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی کی سربراہی میں کیس کی سماعت  ہوئی،الیکشن کمیشن کے ممبران شاہ محمود جتوئی، بابر حیسن بھروانہ اور جسٹس ریٹائرڈ اکرام اللہ بینچ میں شامل تھے۔جس کیلئے عمران خان کے وکلا شعیب شاہین پیش ہوئے۔ 

وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ میں کیس میں التوا لینے کے لئے آیا ہوں۔

ممبر بلوچستان نے کہا کہ آپ عدالت میں موجود ہیں تو کیس کی کارروائی چلاتے ہیں۔

شعیب شاہین  نے کہا کہ حاضری لگانے کے لئے آپ خاطر آیا ہوں،میرے پاس اس وقت کیس کی فائل نہیں، فائل گھر چھوڑ کر آیا ہوں،آپ کا وعدہ تھا کہ کیس آج ملتوی کردیا جائے گا۔

ممبر الیکشن کمیشن  نے کہا کہ التوا کا ہم نے وعدہ نہیں کیا تھا،گواہوں کے بیانات قلم بند کر لیتے ہیں۔

شعیب شاہین نے کہا کہ کیس الیکشن کے بعد تک ملتوی کردیں ،8 فروری تک آپ بھی مصروف ہیں،کیس ملتوی نہ کیا تو یہ تاثر جائے گا کہ آپ جانب داری کررہے ہیں،آپ کے بارے میں غلط تاثر جائے گا۔

ممبر الیکشن کمیشن کے پی نے کہا کہ ہم کسی بھی کیس میں پارٹی نہیں ہیں۔

شعیب شاہین نے کہا کہ ہمارے ساتھ بہت ظلم ہورہا ہے،ہم پر پنجاب میں دفعہ 144لگادی گئی ہے،ہم جلسہ تک نہیں کرسکتے۔

ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ انتظامی معاملہ ہےاس میں ہم کیا بات کرسکتے ہیں۔

شعیب شاہین نے کہا کہ تمام جماعتوں کو انتخابات کے حوالے سے یکساں مواقع حاصل ہونے چاہیے۔

ممبر الیکشن کمیشن  نے کہا کہ ایک امیدوار نے الیکشن مہم کے دوران فائرنگ کی۔

شعیب شاہین نے کہا کہ ہم تو پر امن لوگ ہیں،ہمیں جلسہ کرنے دیں۔ہم سے بلہ چھین لیا گیا،لوگوں کی اکثریت ناخواندہ ہے۔کیسے ووٹ ڈالیں گے۔

ممبر الیکشن کمیشن کے پی نے کہا کہ لوگ عمران خان کو جانتے ہیں،آپ کے تمام امیدوار کے پوسٹر پر عمران خان کی تصاویر ہیں۔آپ بار بار کہہ رہے ہیں کہ ہم نے بلہ چھین لیا، ایسا آپ کا اپنا کیا دھرا ہے۔ 

شعیب شاہین نے کہا کہ ہم سے بلہ چھین لیا اور پانچ سال کے لئے ہماری جماعت پر پابندی لگادی گئی، عمران خان،فواد چوہدری اور اسد عمر دستیاب نہیں ہیں۔کیس ملتوی کردیں۔کیس الیکشن کے بعد تک ملتوی کئے جائیں۔ہمیں کیس کے 99فیصد آرڈر ہی نہیں ملتے ہیں۔

ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ آپ آرڈر کے لئے درخواست ہی نہیں دیتے ہیں۔

شعیب شاہین  نے کہا کہ کیا سزائیں صرف ہمارے لئے ہیں،آج ریاست پہلے سے زیادہ غصے میں ہے۔

ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ آپ کے جواب الاجواب کی وجہ سے معاملات یہاں تک پہنچے ہیں۔سزا اور جزا سب کے لئے ہے،صرف آپ کے لئے نہیں۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے سماعت 20فروری تک ملتوی کر دی۔

پی ٹی آئی وکیل شعیب شاہین  کی میڈیا سے گفتگو

پی ٹی آئی وکیل شعیب شاہین  نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے وضاحت دی کہ ہم سے بلے کا نشان چھین لیا،میں نے کہا کہ صاف وشفاف انتخابات کے بجائے آپ توہین کا کیس چلارہے ہیں،میں نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ  ضلعی انتظامیہ ہمارے خلاف کاروائی کررہی ہے،اسوقت صرف پی ٹی آئی کے ساتھ عوام کھڑی ہے،آج ڈرائنگ روم اور بند کمیروں میں ہمارے خلاف سازشیں ہورہی ہیں۔

وکیل شعیب شاہین نے مزید کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین وسیاسی بونیں بند کمروں میں سازشیں کررہے ہیں،جو حکومت عوامی  حمایت کے بغیر ہو وہ بڑے فیصلے نہیں کرسکتی،آج کچھ لوگ ایک شخص کی نفرت میں ملک تباہی کے دہانے پر ہے،اگر صاف وشفاف انتخابات نہ کرائے تو اسکانقصان ملکی سلامتی کوہوگا۔