شاہین کو ورلڈکپ 2024 کیلئے کپتانی کی طرف لائیں: عاقب جاوید

شاہین کو ورلڈکپ 2024 کیلئے کپتانی کی طرف لائیں: عاقب جاوید
کیپشن: Bring Shaheen to captaincy for World Cup 2024: Aqib Javed

ایک نیوز :لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کرکٹ اور سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے کہا کہ  شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے لیے کپتانی کی طرف لائیں ۔
عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کی کپتانی کے حوالے سے بحث ہی غلط شروع ہوئی تھی، ون ڈے کا کپتان بابر اعظم کے علاوہ کوئی نہیں ہو سکتا ۔میں نے تجویز دی تھی کہ کسی ایک فارمیٹ کا شاہین آفریدی کو کپتان بنائیں یہ میں اس لیے کہتا ہوں کہ شاہین آفریدی کا مائنڈ سیٹ مختلف ہے باقی سب ایک جیسے ہیں۔  جب آپ یہ کہتے ہیں کہ پی ایس ایل کی پرفارمنس پر ٹیمیں بننی چاہئیں تو پی ایس ایل میں کپتان بیک ٹو بیک دو سال ٹرافی جتواتا ہے تو اس کو بھی دیکھیں،  شاہین آفریدی جس طرح ٹیم کو جتوا رہا ہے، مشکل وقت میں خود بیٹنگ کے لیے جاتا ہے، سب کے سامنے ہے۔

سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید  کاکہنا تھا کہ  میں نے صرف وجہ بتائی، کسی پسند ناپسند پر تجویز نہیں دی، نہ تنقید کی، ابھی زیادہ تر ون ڈے کرکٹ ہے،  ایشیا کپ ہے، پھر ورلڈ کپ ہے، بابر اعظم کے علاوہ آپ کسی اور کا نام ہی کیوں لے رہے ہیں؟ بابر  کے علاوہ کیوں کپتان بنانا ہے؟ کپتان بنا کر دیکھ ہی لیا اور سبق بھی افغانستان کی سیریز میں ملا۔

عاقب جاوید کا مزید کہنا تھا کہ افتخار احمد نے خود کو بہت بہتر کیا ہے، انہوں نے ثابت کیا ہے کہ اب وہ اس قابل ہیں کہ مستقل کھلایا جائے، اس سے پہلے تنقید اس لیے ہوتی تھی کہ چار پانچ ایک ہی انداز کے کھلاڑیوں کو مڈل آرڈر میں کھلا دیتے تھے لیکن  اب فرق پڑا ہے ۔جہاں تک شان مسعود کو ٹیم میں شامل کرنے کی بات ہے،  میں شان کو کھلانے پر مطمئن نہیں ہوں، تب بھی خوش نہیں تھا جب نائب کپتان بنایا گیا تھا،انہیں بلاوجہ اب پھر ٹیم میں شامل کر لیا جاتا ہے اور لگتا ہے پھر مجبوری میں اسے کھلا بھی لیا جاتا ہے، سمجھ سے باہر  ہے کہ یہ کرا کون رہا ہے؟