عمران خان کا ریلی سے قبل کالے بکرے کا صدقہ

عمران خان کا ریلی سے قبل کالے بکرے کا صدقہ

ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف  کے چیئرمین عمران خان کی لاہور ریلی میں شرکت سے قبل کالے بکرے کا صدقہ دیا گیا ۔

رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی لاہور کے زمان پارک میں واقع اپنی رہائش گاہ سے ریلی میں شرکت کیلئے نکلے تو دروازے کے باہر کھڑے ایک کالے بکرے پر ہاتھ پھیرا۔اس سے قبل بھی عمران خان کی صحت اور انتخابات میں کامیابی کیلئے کئی مرتبہ بکروں کا صدقہ دیا جاچکا ہے۔

واضح رہے کہ چیئر مین تحریک انصاف عمران خان کی زیر قیادت ریلی داتا دربار کی طرف رواں دواں ہے۔ ہزاروں کے قافلے میں گاڑیوں  اور  موٹرسائیکلوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ سینکڑوں لوگ ریلی کے ساتھ پیدل سفر کررہے ہیں۔

عمران خان بلٹ پروف گاڑی میں سوار ہیں اور ان کی گاڑی کیساتھ سینکڑوں گاڑیاں اور لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہے ۔چیئر مین تحریک انصاف عمران خان کی زیر قیادت ریلی داتا دربار تک جائے گی ۔ انتظامیہ نے پی ٹی آئی کی ریلی کو باکس سیکیورٹی فراہم کی ہے۔ جلوس کے روٹ کے اطراف کے راستے کنٹینر لگا کر بند کر دیئے گئے ہیں۔ جلوس کے شرکاء صرف زمان پارک سے ہی ریلی میں شامل ہو سکتے ہیں۔پی ٹی آئی کی ریلی داتا دربار اور پھر واپس زمان پارک آئے گی،پی ٹی آئی کی ریلی داتا دربار پہنچنے کے بعد عمران خان کا خطاب ہو گا۔