سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ سے سپاہی شہید

سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ سے سپاہی شہید
ایک نیوز نیوز: شمالی وزیرستان میں امن دشمنوں کے خاتمے کے مشن کے دوران دہشتگردوں کے ساتھ لڑتے ہوئے پاک فوج کا ایک اور جوان شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے مقام میر علی میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کیا گیا، آپریشن دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کیا گیا۔
بیان کے مطابق خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے سپاہی وحید خان شہید ہوگیا، سپاہی وحید خان کی عمر 23 سال ہے اور اس کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ سے تھا۔
بیان کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دہشتگرد کے خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔