عمران خان نےمعروف برطانوی بیرسٹر کی خدمات حاصل کر لیں

عمران خان نےمعروف برطانوی بیرسٹر کی خدمات حاصل کر لیں
کیپشن: عمران خان نےمعروف برطانوی بیرسٹر کی خدمات حاصل کر لیں

ایک نیوز: سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے غیر قانونی حراست اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق مقدمات میں برطانوی بیرسٹر جیفری رونالڈ رابرٹسن کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان نے انسانی حقوق سے متعلق معروف بیرسٹر جیفری رابرٹسن کے سی کو غیر قانونی حراست اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے بین الاقوامی عدالتوں میں مشورہ دینے اور اپنی نمائندگی کرنے کے لیے مقرر کیا ہے۔

کے سی ڈوٹی اسٹریٹ چیمبرز کے بانی سربراہ ہیں۔ انہوں نے ایک ٹرائل اوراپیلیٹ کاؤنسل، ایک بین الاقوامی جج، اورمعروف نصابی کتابوں کے مصنف کی حیثیت سے ایک ممتاز کیریئر گزارا ہے.

ان کی کتابوں میں انسانیت کے خلاف جرائم اور عالمی انصاف کے لئے جدوجہد شامل ہیں۔

عمران خان کی پارٹی کو 9 مئی کے فسادات کے بعد ملک گیر کریک ڈاؤن کا سامنا ہے جس میں مظاہرین نے ریاستی اور فوجی تنصیبات میں توڑ پھوڑ کی تھی۔

9 مئی کے احتجاج کے بعد سے پارٹی کے اعلیٰ عہدیداروں سمیت درجنوں رہنماؤں کو سیکڑوں پارٹی کارکنوں کے ساتھ گرفتار کیا جا چکا ہے۔ کئی نے رہائی کے بعد پارٹی چھوڑ دی جبکہ دیگر رہنما گرفتاری سے بچنے کے لئے فرار ہوگئے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کو 5 اگست کو توشہ خانہ فوجداری معاملے میں 3 سال قید کی سزا اور پانچ سال کے لئے نااہل قرار دیا گیا تھا۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی سزا معطل کر دی تھی تاہم خصوصی عدالت کی جانب سے ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں دو ہفتوں کی توسیع کے بعد ان کی رہائی عمل میں نہیں آسکی۔