پی ٹی آئی کو بڑا جھٹکا ، ایم پی اے بلال اصغر وڑائچ کی ڈگری جعلی نکل آئی

پی ٹی آئی کو بڑا جھٹکا ، ایم پی اے بلال اصغر وڑائچ کی ڈگری جعلی نکل آئی
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی بلال اصغر وڑائچ کی ڈگری جعلی نکل آئی ، جامعہ پنجاب نے پی ٹی آئی رہنما کی گریجویشن کی ڈگری جعلی قراردے دی ۔

تفصیلات کے مطابق عدالتی حکم پر جامعہ پنجاب کی جانب سے 5 صفات پر مشتمل رپورٹ جمع کروا دی گئی جس کے مطابق جامعہ پنجاب کی ڈسپلنری اور ڈگری کمیٹی نے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا، جس میں ایم پی اے بلال اصغر وڑائچ قصور وار قرار پائے ہیں۔

فیصل آباد انٹرمیڈیٹ بورڈ کی رپورٹ کی مطابق ایم پی اے بلال اصغر وڑائچ نے جامعہ پنجاب کو جھوٹی معلومات فراہم کرکے دھوکہ دیا، ان کی انٹرمیڈیٹ کی ڈگری جعلی ہے، بلال اصغر کو انٹرمیڈیٹ کا رزلٹ کارڈ ہی جاری نہیں کیا گیا، انہوں نے انٹرمیڈیٹ 1995 میں پاس ہونے کا رزلٹ کارڈ جمع کروایا، تحقیقات سے معلوم ہواکہ جمع کروایا گیا رزلٹ 1995 کا نہیں بلکہ 1996 کے سپلیمنٹری امتحانات کا رزلٹ ہے۔

جامعہ پنجاب نے کہا کہ 1996 میں انٹرمیڈیٹ پاس کرنے والا 1997 میں گریجویشن کے امتحان کا اہل نہیں، جعلی ڈگری کی بناپر گریجویشن کے امتحان دینا خلاف ضابطہ ہے، ڈسپلنری کمیٹی نے تحقیقات میں موقف سننے کیلئے 8 مرتبہ بلال اصغر وڑائچ کو طلبی کا نوٹس کیا لیکن وہ پیش نہ ہوئے۔