’تو ہیرو ہے، تو جیت گیا ‘، زمان خان نے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے

’تو ہیرو ہے، تو جیت گیا ‘، زمان خان نے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے

ایک نیوز: ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں دفاعی چیمپئن سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل کیلئےکوالیفائی کرلیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق شکست کے بعدقومی ٹیم کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہوگیالیکن فاسٹ باؤلر زمان خان کی بدولت یہ کامیابی مخالف ٹیم کیلئے آخری گیند تک مشکل بنی رہی۔ سری لنکا کو آخری 6 گیندوں پر 8 رنز درکار تھے جب پاکستان کی جانب سے زمان خان نے آخری اوور کروایا۔ ان کی آخری گیند پر سری لنکا کو 2 رنز درکار تھے لیکن ناقص فیلڈنگ کے نتیجے میں سری لنکن بیٹر اسالنکا نے با آسانی اسکور کرلیے اور اپنی ٹیم کو میچ جتوا کر فائنل میں پہنچا دیا۔

سری لنکا کی کامیابی کے بعد جہاں قومی کرکٹرز اسٹیڈیم میں  افسردگی چھپا نہ پائے وہیں زمان خان پچ پر بیٹھ کر جذباتی ہوگئے جس کے بعد شاہین آفریدی سمیت دیگر کرکٹرز نے انہیں گلے لگا کر تسلی دی۔ایک طرف قومی ٹیم ناقص فیلڈنگ اور بیٹنگ کے باعث شائقین کرکٹ کی  تنقید کا شکار ہے تو دوسری طرف   زمان خان کی تصویر سوشل میڈیا پر بڑی تیزی سے شیئر کی جارہی ہے۔ کرکٹ فینز  اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے ڈیبیو میچ میں فاسٹ بولر کی کارکردگی کوسراہ رہے ہیں۔