پنجاب میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کامیاب

پنجاب میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کامیاب
لاہور : پنجاب میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں مسلم لیگ ن نے میدان مار لیا، لاہور ،راولپنڈی اور واہ کینٹ میں مسلم لیگ ن کامیاب ہوئی جبکہ جہلم اور گوجرانوالہ کی نشستیں تحریک انصاف کے نام رہیں۔ تاہم غیر حتمی، غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

ایک نیوز نیوز کے مطابق پنجاب میں کنٹونمنٹ بورڈز کی 64 نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) نے 26 نشستوں پر کامیابی حاصل کی اور اول نمبر پر ہے جب کہ تحریک انصاف 19 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ آزاد امیدواروں نے 19 نشستیں حاصل کیں۔

لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگ نے مجموعی طور پر 15 نسشتوں پر فتح سمیٹ لی۔ 3 نشتوں پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب رہے جبکہ ایک نشست آزاد امیدوار نے جیتی۔

مسلم لیگ (ن) نے والٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں کلین سویپ کیا جبکہ لاہور کینٹ کنٹونمنٹ میں چھ وارڈز میں جیتی۔ تحریک انصاف اپنے دعووں کے برعکس 20 وارڈز میں سے صرف 3 وارڈز میں کامیابی حاصل کرسکی۔ غیر یقینی طور پر آزاد امیدوار لاہور کینٹ کنٹونمنٹ سے ایک وارڈ میں جیتنے میں کامیاب ہوا۔

چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کی دس وارڈز پر انتخابی دنگل میں مسلم لیگ ن نے پانچ سیٹیں لے کر میدان مار لیا۔ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف 10 میں سے صرف دو سیٹوں پر کامیابی سمیٹ سکی۔ جماعت اسلامی نے دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ ایک آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوا۔

جہلم کنٹونمنٹ بورڈ کی دونوں نشستیں تحریک انصاف جیت گئی ،گوجرانوالہ کی دس میں سے چھ تحریک انصاف دو مسلم لیگ اور دو آزاد امیدواروں نے اپنے نام کیں ۔  اوکاڑہ کنٹونمنٹ بورڈ کی پانچ میں سے چار نشستیں آزاد امیدوار لے اڑے ،ایک نشست پر تحریک انصاف کامیاب ہوئی۔ مری کی تین  میں سے دو نشستیں مسلم لیگ ن جبکہ ایک تحریک انصاف کے نام رہی ۔