ملک میں کورونا سے مزید 104 ہلاکتیں ، پنجاب میں 63 اموات

ملک میں کورونا سے مزید 104 ہلاکتیں ، پنجاب میں 63 اموات
لاہور: ملک میں کورونا کے سبب مزید 104 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ، 2 ہزار 869 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، پنجاب میں مزید 63زندگیاں ختم ہو گئیں، جبکہ 24 گھنٹوں میں 1266 نئے کیسز بھی سامنے آئے ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 19 ہزار 210 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 67 ہزار 426 ہو گئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں میں 38 ہزار 616 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جبکہ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.42 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 76 ہزار 536 ہے اور 7 لاکھ 71 ہزار 692 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں9 ہزار 188 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ، صوبے بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 1266 نئے کیسز سامنے آگئے۔ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق لاہورمیں 476، ننکانہ 7، قصور 15، شیخوپورہ 5، راولپنڈی 84، جہلم 7، چکوال 21، مظفرگڑھ 24، حافظ آباد 4 اور گوجرانوالہ میں 44 کیسز رپورٹ ہوئے۔ سیالکوٹ 12، نارووال 1، گجرات 7، منڈی بہاؤالدین 1، ملتان 142، خانیوال 10، راجن پور 3، لیہ 15، ڈیرہ غازی خان 21 اور وہاڑی میں 22 کیس سامنے آئے۔ فیصل آباد 75، چنیوٹ 7، ٹوبہ ٹیک سنگھ 6، جھنگ 19 اور رحیم یار خان میں 31 کیسز رپورٹ ہوئے۔ سرگودھا 39، میانوالی 27، خوشاب 31، بہاولنگر 12، بہاولپور 64، لودھراں 5، بھکر 1، ساہیوال 10، پاکپتن 14 اوراوکاڑہ میں 4 کیس سامنے آئے۔

اس کے علاوہ لاہور میں مزید 26 ہلاکتیں، اموات کی کل تعداد 3767 ہو چکی ہے۔ صوبہ بھر میں کورونا وائرس سے مزید 63 ہلاکتیں، اموات کی کل تعداد 9188 ہوچکی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 16،594 ٹیسٹ کئے گئے، اب تک کل 4,780,801 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 276,800 ہو چکی ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں کورونا کی ویکسینیشن جاری ہے اور 40 سال سے زیادہ عمر والے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ملک بھر میں ایڈلٹ ویکسینیشن مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور ویکسینیشن کا تمام تر عمل ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جارہا ہے۔

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ وائرس سے بچنے کے لیے سماجی فاصلہ اور ماسک کا ستعمال لازمی رکھیں ، صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔