کویت اور پاکستان کے مابین دفاعی تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوگئے

کویت اور پاکستان کے مابین دفاعی تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوگئے
کیپشن: A defense cooperation agreement was signed between Kuwait and Pakistan

ایک نیوز: کویت اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے سفیر ملک محمد فاروق اعوان نے  جبکہ کویت کی جانب سے بریگیڈیئر جنرل فواز خدیر محمد الحربی ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف وزارت دفاع نے دستخط کیے۔

تفصیلات کے مطابق کویت کی وزارت دفاع کے نمائندے اور پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے فوجی وفد کی قیادت میجر جنرل وسیم افتخار چیمہ اور پاکستان کے دفاعی اتاشی بریگیڈیئر محمد عاصم نے کی۔ 

وزارت دفاع، کویت کے فہد العتیبی اور وزارت خارجہ، کویت کے سینئر حکام نے بھی دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ دونوں معززین نے معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔

سفیر ملک محمد فاروق نے دورہ کرنے والے پاکستانی وفد کے لیے بہترین انتظامات پر کویتی حکام کا شکریہ ادا کیا۔ میجر جنرل وسیم افتخار چیمہ اور بریگیڈیئر جنرل فواز خدیر محمد الحربی نے مضبوط دفاعی تعلقات کے ذریعے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ 

سفیر پاکستان نے کہا کہ کویت اور پاکستان کے درمیان بہترین تعلقات ہیں اور دونوں ممالک تجارت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر بھی اپنے گہرے مراسم پر یقین رکھتے ہیں تاکہ آپس میں بھائی چارے اور پیار محبت کی فضاء پروان چڑہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے۔ جہاں تجارت اور کاروبار کر کے ایک مضبوط اور خوشحال معاشرے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر سے بہتر بنانے پر یقین رکھتا ہے۔