میرانشاہ:شہید فوجی جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا،سپردخاک کردیاگیا

میرانشاہ:شہید فوجی جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا،سپردخاک کردیاگیا
کیپشن: میرانشاہ:شہید فوجی جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا،سپردخاک کردیاگیا

ایک نیوز: شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں شہید ہونے والے جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہداء کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ صوبیدار اصغر علی، سپاہی نسیم خان، سپاہی محمد زمان کی نمازِ جنازہ آبائی علاقوں میں ادا کی گئی۔نمازِ جنازہ میں سینئر حاضر و ریٹائرڈ افسران، سپاہی اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج مادر وطن کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میران شاہ:سیکیورٹی فورسز سےجھڑپ میں 3 دہشتگرد ہلاک، 3 اہلکار شہید

واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات پر دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا تو انہوں نے فائرنگ کر دی تھی، سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک اور 4 کو زخمی کر دیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 3سیکیورٹی اہلکار بھی شہید ہوئے تھے۔شہداء میں 40 سالہ صوبیدار اصغر علی، 26 سالہ سپاہی نسیم اور 22 سالہ سپاہی محمد زمان شامل تھے۔تینوں شہداء کا تعلق فرنٹئیر کور سے تھا۔ 

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئےعلاقے میں آپریشن جاری ہے، پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں  برآمد کر لی گئیں جبکہ زخمی دہشت گردوں کو سخت سکیورٹی میں ہسپتال داخل کروا دیا گیا جہاں ان کےعلاج کے بعد تفتیش کی جائے گی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔