عیدپرطوفانی بارش کاالرٹ جاری

عیدپرطوفانی بارش کاالرٹ جاری
کیپشن: Stormy rain alert issued for Eid

ایک نیوز:پی ڈی ایم اےنےعیدپرطوفانی بارشوں کاالرٹ جاری کردیا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اےعرفان علی کاٹھیاکاکہناہےکہ 10اپریل سے 15اپریل کے درمیان وقفے وقفے سے طوفانی بارشیں ہوں گی۔ 10 سے 12اپریل مری ، گلیات، راولپنڈی، اٹک اور چکوال میں بارش کے امکانات ہیں۔12اپریل سے گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ڈی جی خان، ملتان اور ساہیوال ڈویژن میں بارشیں ہوں گی۔بہاولپور ڈویژن کے اضلاع بھی تیز بارشوں کی زد میں رہیں گے۔
 عرفان علی کاٹھیا کامزیدکہناہےکہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں ژالہ باری کے بھی امکانات ہیں۔شہری عید الفطر کی تیاریوں میں موسمی صورت حال کو ضرور ذہن میں رکھیں۔ عید کی چھٹیوں میں سیاحت کی غرض سے نکلنے والے موسم کی اپڈیٹس ضرور لیں۔ پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے سے پہلے ضروری سامان ساتھ رکھیں۔ ریسکیو ادارے اور ضلعی انتظامیہ عید کی چھٹیوں میں بھی الرٹ رہے ۔

 ڈی جی پی ڈی ایم اے کاکہناہےکہ سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔کمشنرز، ڈی سیز اور محکمہ آبپاشی کو بھی موسمی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے ۔شہری کسی بھی ایمرجنسی صورت حال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کریں۔ 
محکمہ موسمیات کےمطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں بادل جم کے برسنے کو تیارہے، جیکب آباد، سکھر، جامشورو، لاڑکانہ، عمرکوٹ میرپورخاص اور حیدرآباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، مغربی ہواؤں کا سلسلہ 10 اپریل کو ملک میں داخل ہوگا۔
 محکمہ موسمیات کےمطابق مغربی ہواؤں کے زیر اثر کراچی میں بھی بارش متوقع ہے، شہر قائد میں 13 اور 14 اپریل کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ، 12 اپریل سے کراچی میں تیز ہواؤں کا آغاز ہوگا 13 اپریل کو کراچی اور حیدرآباد میں ہوا کے جھکڑ چلیں گے، بارش کا سلسلہ 14 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کےمطابق خیبرپختونخوا میں کل سے بارشوں اور تیز ہواؤں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔بارشوں کا سلسلہ 15 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے،پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کے لیے مراسلہ جاری کردیا۔
مراسلہ میں بتایاگیاتیز بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی گئی۔بارشوں سے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے،ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت ہے۔