ضمنی الیکشنز میں 20 کی 20 نشستیں ہم جیت کر دکھائیں گے،عمران خان کو یقین

ضمنی الیکشنز میں 20 کی 20 نشستیں ہم جیت کر دکھائیں گے،عمران خان کو یقین
ایک نیوز نیوز: پی ٹی آئی کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 17 جولائی کو 20 کی 20 نشستیں ہم جیتیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو جتوانے کیلئے لاہور میں بیٹھے آدمی کو چیلنج ہے، ضمنی الیکشنز میں تمہیں ہرا کر دکھائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ساہیوال کی تحصیل چیچہ وطنی میں پی پی 202 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین نے کہا ہے کہ بارش کے باوجود جلسے میں آنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اس مقام پرتیرنے کیلئے تو آسکتا ہے جلسہ نہیں ہو سکتا، یہ ملک دوقومی نظریے پر بنا تھا، یہ لوگ پیسے کے بت کی پوجا کرنے والے ہیں، پیسے کی پوجا کرنے والے آصف زرداری اور نواز شریف ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ کسانوں کو پتہ ہے کہ ڈیزل کی قیمت بڑھی ہے، گیس مہنگی اور بجلی مہنگی ہوگئی ہے، ہماری معیشت کو دو ماہ میں انہوں نے اوپر سے نیچے گرائی، پچھلے 2سال میں پاکستانی معیشت نے سب سے زیادہ ترقی کی، ہمارے دور میں ریکارڈ ڈالر ملک میں آئے، کسان کا سب سے زیادہ فائدہ ہوا، ہم نے کسانوں کی پوری مدد کی، انہوں نے کسانوں کا معاشی قتل کر دیا، پہلے بجلی غائب، اگر وہ جنریٹر چلائے تو ڈیزل کی قیمت آسمان پر ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ سازش کے تحت چوروں کو ہم پر مسلط کیا گیا، قوم لوٹوں کو اچھی طرح سمجھ چکی ہے، امپورٹڈ حکومت کے لوٹے بھی نامنظور ہیں، الیکشن کمیشن بے ضمیر ہے، انہیں جتوانے کی کوشش کر رہی ہے۔ امپائر بھی ان کے ساتھ مل جائیں تب بھی یہ نہیں جیت سکتے، میں نے کرکٹ کے دور میں بھارت میں ان کے امپائروں کی موجودگی میں شکست دی، جنتی بھی دھاندلی کی جائے یہ نہیں جیت سکتے، شریف خاندان نے آج تک ایک کام بھی ایمانداری سے نہیں کیا، ووٹر لسٹوں میں انہوں نے بہت دھاندلی کی ہے، لاہور میں جو آدمی بیٹھا ہے جس کی نوکری ہے حمزہ کو جتانے کیلئے میرا چیلنج ہے اس کے باوجود تمہیں ہرا کر دکھائیں گے۔ یہ جو مرضی کرلیں 17 جولائی کو ہم 20 کی 20 نشستیں جیتیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ دھاندلی کریں گے انہیں دھاندلی نہیں کرنے دینی، ووٹنگ کے روز ہر پولنگ اسٹیشن پر 10 نوجوان رکھیں گے، حمزہ شہباز تم جو مرضی کر لو ہم الیکشن جیت کر دکھائیں گے، نہ قوم ان کو معاف کرے گی نہ ملک کی تاریخ معاف کرے گی، نواز شریف لندن میں بیٹھ کر خوش ہو رہا ہے، یہ چاہے مجھ پر 1500 مقدمات کروا دیں ان کا پیچھا نہیں چھوڑوں گا، مریم نواز جھوٹوں کی شہزادی سے سچ ہی نہیں بولا جاتا، حلیم عادل شیخ کو جیل میں ڈال دیا ہے، مراد علی شاہ جیسا کرپٹ آدمی وزیراعلیٰ بنا ہوا ہے۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ یہاں آج ہمیں یہ کہا جارہا ہے کہ اگر تم برائی کے ساتھ کھڑے نہیں رہوگے تو تمہارے اوپر ایف آئی آرز درج ہوں گی اور جیلوں میں ڈالا جائے گا، جس پاکستان کا نظریہ لاالہ اللہ تھا اس میں ہمیں کہا جارہا ہے کہ اگر ان چوروں کو اپنے اوپر مسلط کرنے سے انکار کروگے تو تمہیں سزائیں ملیں گے۔ جو ان چوروں کے ساتھ کھڑا ہے، آپ کا بھی آخر میں قوم کے سامنے احتساب ہوگا اور یہ قوم کبھی معاف نہیں کرے گی، اگر آپ لوگوں کا پرامن احتجاج کا راستہ اور آزادی اظہار کو روکیں گے تو آپ ملک کو انتشار کی طرف دھکیلیں گے، یہاں بھی سری لنکا والا حال ہوگا، یہاں بھی لبنان کا حال ہوگا، لوگ سڑکوں پر نکلیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ جو صحافی آج راہ حق پر کھڑے ہیں انہیں سلام پیش کرتا ہوں، کیونکہ جو راہ حق پر کھڑا ہوتا ہے اللہ تعالیٰ اس کے خوف کو دور کردیتا ہے، ایاز امیر نے دلیری سے پاکستان کا مقدمہ لڑا ہے، قوم نے دیکھا عمران ریاض کے ساتھ کیا ہوا ہے، ان ڈاکوؤں کا صرف ایک مقصد ہے کسی طرح قوم میں خوف پھیلا دو تاکہ وہ انہیں تسلیم کرلے۔