بلوچستان میں طوفانی بارشیں، متعدد افراد جاں بحق

بلوچستان میں طوفانی بارشیں، متعدد افراد جاں بحق
ایک نیوز نیوز: پاکستان بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہےجس کی وجہ سے کوئٹہ میں چھتیں گرنے اور دیواریں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے مختلف واقعات سامنے آئے ہیں۔
کوئٹہ کے علاقہ سریاب میں 3 خواتین سمیت 11 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے ہیں۔ بعد ازا مشرقی بائی پاس کے علاقے میں ڈیم کے قریب دو پچیاں برساتی پانی میں بہہ گئیں جن کی تلاش جاری ہے۔ بارشوں سے سب سے زیادہ نقصان کوئٹہ میں ہوا ہے جہاں مختلف حادثات میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد ہلاک ہو گئے جبکہ کوئٹہ کے علاقے خروٹ آباد سے ایک بچی بارش کے پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوگئی۔ بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں گیشتری نالے میں بہہ جانے والے دو افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ ایس ایچ او مچھ پیر بخش بگٹی کے مطابق کوئلے کی کان میں کام کرنے والے پانچ کان کن پیر کی شام کو سیلابی ریلے میں بہہ گئے تھے جن میں سے دو افراد کو زندہ نکال لیا گیا تھا جبکہ ایک تاحال لاپتہ ہے۔ مقامی لیویز کے مطابق خضدار کے علاقے نال میں سیلابی پانی میں بہہ جانے والے شخص کی لاش بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ کوئٹہ کے علاقے خلجی کالونی میں کرنٹ لگنے سے ایک خاتون ہلاک ہو گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں طوفانی بارشوں سے نواحی علاقوں میں درجنوں کچے مکانات کو نقصان پہنچا۔ ریسکیو ٹیموں اور انتظامیہ کی طرف سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں کی جا رہی ہیں۔ کیسکو حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں بجلی مرحلہ وار بحال کی جا رہی ہے جبکہ شہر کا بڑا حصہ صبح سے بجلی سے محروم ہے۔ مشیر داخلہ پی ڈی ایم اے میرضیا لانگو نے حالیہ بارشوں سے پیدا ہونیوالی صورتحال پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثر ہونیوالے علاقوں میں امدادی سامان بھجوایا جا رہا ہے۔ بارشوں کے بعد سے تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں جہاں جس چیز کی ضرورت ہوگی وہاں پہنچائی جائے گی۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بلوچستان کے تمام ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر میں پی ڈی ایم اے کے آفس بنائے جائیں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے داخل ہونے والی ہواؤں کی وجہ سے مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سب سے زیادہ بارش بالا کوٹ میں40 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ سرجانی کراچیاور سکھر میں 23 اور جیکب آباد میں 19ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ بلوچستان میں سب سے زیادہ بارش لسبیلہ میں 33 ملی میٹرجبکہ کوئٹہ اور پنجگور میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو دنوں میں بلوچستان، پنجاب، سندھ اور کشمیر میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔