سازش کےتحت نوازشریف کوہٹاکرپاکستان کو پیچھے کی جانب دھکیلا گیا:رانا ثنااللہ

سازش کےتحت نوازشریف کوہٹاکرپاکستان کو پیچھے کی جانب دھکیلا گیا:رانا ثنااللہ
کیپشن: سازش کےتحت نوازشریف کوہٹاکرپاکستان کو پیچھے کی جانب دھکیلا گیا:رانا ثنااللہ

ایک نیوز: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت انتہائی مشکل حالات سے گزر رہا ہے، سازش کے تحت نوازشریف کو ہٹاکر پاکستان کو پیچھے کی جانب دھکیلا گیا ۔

 تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ختم کرکے ترقی کا سفر روکاگیا، مولانا زاہد محمود قاسمی نے مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کیا ہے، میں مرکزی علما کونسل کی صوبائی قیادت کا شکرگزار ہوں، مرکزی علما کونسل دینی مشن پر عمل پیرا ہے، ہم تحفظ ناموس رسالت ،تحفظ ختم نبوت اور شان صحابہ کو اپنے ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں، مسلم لیگ ن کو کامیابی حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ ، 2018میں پاکستان ترقی کررہا تھا، ایک سازش کے تحت پاکستان کو پیچھے کی جانب دھکیلا گیا، 2018میں پٹرول 60روپے لٹر تھا،ڈالر 108روپے کا تھا، آج مہنگائی نے پورے ملک کو جکڑا ہوا ہے، کہا جارہا ہے حالات خراب ہیں کیونکہ مہنگائی ہے، ہم دوبارہ مہنگائی کے اس عذاب کو ٹالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو دوبارہ 2017اور18والے ٹریک پر لائیں گے، 8فروری کے الیکشن کے بعد ن لیگ مرکز اور صوبے میں حکومت بنائے گی، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہم نے نہیں کیا، ملک پر نمونہ مسلط ہوا، 4سالوں میں ملک کو تباہی کے دہانے لاکھڑا کیا، جون میں آئی ایم ایف معاہدہ ختم ہورہا ہے، اللہ پاکستان کو استقامت دے،ہم دوبارہ آئی ایم ایف کے جال میں نہ پھنسیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ ہم 8فروری کے بعد طریقہ کار طے کرکے عوام کے سامنے رکھیں گے، ہم ہر قیمت پر مہنگائی کے عذاب کو کنٹرول کریں گے تاکہ عوام کو ریلیف ملے، سانحہ 9مئی واقعی ایک سانحہ ہے ، ایک گمراہ ٹولہ ریاست پر چڑھ دوڑا، بھارت نے اس تمام عمل کو پوری دنیا میں پھیلایا اور بدنام کیا، ایسے لوگ کسی معافی کے مستحق نہیں ہوسکتے، 9مئی کے واقعات میں کوئی بے گناہ ہے تو اس کو انصاف ملنا چاہیے۔