پان، گٹکا، چھالیہ اور سیگریٹ کینسر کی بڑی وجوہات  قرار 

پان، گٹکا، چھالیہ اور سیگریٹ کینسر کی بڑی وجوہات  قرار 
کیپشن: Paan, Gutka, Chalia and cigarettes are the major causes of cancer

 ایک نیوز:ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کینسر کی سب سے بڑی وجہ پان، گٹکا، چھالیہ، سیگریٹ اور اسی طرح کی دیگر اشیاء ہیں، پاکستان میں ہیڈ اینڈ نیک کینسر پہلے نمبر پر ہے۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ  ملک میں بڑھتی ہوئی کینسر کی شرح کے پیش نظر علاج اور اس کی روک تھام کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے

  پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا، جس میں کینسر فاؤنڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر عابد جمال، ماہر امراض سرطان ڈاکٹر محمد علی میمن، انڈس اسپتال میں پیڈیاٹرک آنکالوجسٹ ڈاکٹر احمر حامد، ماہر امراض سرطان ڈاکٹر شاہین، ماہر امراض خون ڈاکٹر ثاقب انصاری، پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عبداللہ متقی، سیکریٹری ڈاکٹر ذیشان انصاری اور آغا خان اسپتال میں ریڈی ایشن انکولوجی کے ہیڈ ڈاکٹر بلال نے شرکت کی۔

 ڈاکٹر عابد جمال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کینسر کی سینٹرل رجسٹری نہ ہونے سے کینسر کے مریضوں کے درست اعداد و شمار بھی موجود نہیں۔البتہ یہ ضرور ہے کہ پاکستان میں بریسٹ کینسر میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن اس کی وجوہات کا علم نہیں۔

  پاکستان میں سر اور گردن کے کینسر کی بڑی وجہ پان، گٹکا، چھالیہ اور نسوار ہیں، ملک میں ہیڈ اینڈ نیک کینسر پہلے نمبر پر ہے، پاکستان میں کینسر کے ایک مریض پر اندازا 15 لاکھ روپے سے زائد اخراجات آتے ہیں۔

پاکستان میں کینسر کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ کے درمیان ہے، جن میں سے 10 سے 15 ہزار مریضوں کامیاب علاج ہو سکے گا، باقی کینسر کے مریضوں کا مکمل علاج نہیں ہوسکتا، انہیں صرف پلی ایٹو کیئر پر رکھا جاسکتا ہے۔

ماہر امراض سرطان نے کہا کہ منہ کے کینسر میں مبتلا مریضوں کی اکثریت 20 سے 25 سال کی عمر کے افراد کی ہے جو آپ کے ملک کا سرمایہ ہیں اور ان کے خاندانوں کا انحصار ان پر ہے، پان گٹکے پر پابندی پر عملدرآمد کرکے انہیں بچایا جاسکتا ہے۔