چودھری سرور کے حکومت مخالف بیانات قابل افسوس ہیں:فیاض الحسن چوہان

چودھری سرور کے حکومت مخالف بیانات قابل افسوس ہیں:فیاض الحسن چوہان
لاہور:صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حکومت کو الیکشن کے طعنے دینے والے اب الیکشن سے کیوں بھاگ رہے ہیں۔
سابق گورنر چودھری محمد سرور کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کے حکومت مخالف بیانات قابل افسوس ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی نے چوہدری محمد سرور کو گورنر تعینات کر کے انکی عزت افزائی کی۔
انہوں نے کہا کہ کل کی پریس کانفرنس سے چوہدری محمد سرور نے پی ٹی آئی کے لاکھوں ووٹرز کا دل دکھایا ہے، گزشتہ تین ماہ سے چوہدری سرور مختلف حکومتی ارکان اسمبلی کو ن لیگ سے ملکر چلنے کر مشورے دے رہے تھے۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے چھکے نے آج پنجاب کی سیاسی صورتحال یکسر تبدیل کر دی ہے، پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کی اکثریت اب واپس آنے کے لیے پر تول رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 6 اپریل کو چوہدری پرویز الٰہی واضح اکثریت سے وزیرِ اعلیٰ پنجاب منتخب ہوں گے، وہ دن آنے والے ہیں جب شہباز شریف شریف ایمبولینس اور آصف زرداری ویل چیئر کا ٹوپی ڈرامہ دوبارہ شروع کریں گے۔
صوبائی وزیر جیل خانہ جات نے مزید کہا کہ حکومت کو الیکشن کے طعنے دینے والے اب الیکشن سے کیوں بھاگ رہے ہیں۔