آسٹریلوی ہائی کمشنر کی پاکستانی سیاسی رہنماؤں کو 'اجماع' کی تلقین

آسٹریلوی ہائی کمشنر کی پاکستانی سیاسی رہنماؤں کو 'اجماع' کی تلقین
کیپشن: Australian High Commissioner urges Pakistani political leaders to 'Ijma'

ایک نیوز: پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر اب نہ صرف ملک سے بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی تشویش کا اظہار کیا جانے لگا ہے۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے ایک ٹوئٹ میں سیاسی رہنماؤں کو بڑا مشورہ دیدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ایک ٹوئٹ کی ہے۔ جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ انہوں نے لاہور میں پاکستان کے سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ جس کا مقصد آسٹریلیا کی جانب سے مستحکم اور جمہوری پاکستان میں بنیادی حقوق کی آزادی کو یقینی بنانے کی حمایت تھا۔ 

انہوں نے لکھا کہ اس دوران انہوں نے سیاسی رہنماؤں کو مشکل وقت میں 'اجماع' کی دعوت کی تلقین کی ہے۔

یاد رہے کہ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے گزشتہ روز لاہور میں مریم نواز، نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور عمران خان نے ملاقاتیں کی تھیں۔ 

مریم نواز سے ملاقات:

ملاقات کے موقع پر مریم نواز نے کورونا وبا کے دوران آسٹریلیا کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاکستان کی مدد پر شکریہ ادا کیا جبکہ آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے مریم نواز کو پارٹی عہدہ ملنے پر مبارک پیش کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تاریخی شراکت داری رہی ہے، پاکستانی طالب علموں کی تعلیم کیلئے آسٹریلیا کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، تعلیم، ثقافت، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے خواہاں ہیں، آسٹریلیا میں موجود پاکستانی دونوں ممالک میں تعلقات کی مضبوطی کا ایک ذریعہ ہیں۔

 نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات:

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز (Mr. Neil Hawkins) کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور صحت، لائیوسٹاک، ڈیری ڈویلپمنٹ سمیت پولیس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

ملاقات کے دوران  محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں، لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ او رپولیس ٹریننگ کے حوالے سے آسٹریلیاکے تعاون کا خیرمقدم کریں گے، ڈیری ڈویلپمنٹ اور لائیوسٹاک میں آسٹریلیا کو بہت مہارت حاصل ہے، ان شعبوں میں آسٹریلین ماڈل سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب آسٹریلین ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ  پنجاب حکومت سے ہر ممکن تعاون کریں گے،  پنجاب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کریں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات:

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے خصوصی ملاقات ہوئی۔ جس میں پاک۔آسٹریلیا تعلقات دوطرفہ معاملات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

ملاقات میں جمہوریت کے فروغ و استحکام اور آئین و قانون کی حکمرانی کے حوالے سے تحریک انصاف کے فلسفہ و منشور پر مفصل گفتگو ہوئی۔ انسانی حقوق کے عالمی چارٹر،   پاکستان میں بنیادی حقوق خصوصاً خواتین اور سیاسی کارکنان کے حقوق کی کیفیت پر بھی بات چیت ہوئی۔ پاکستان میں جمہوریت کے معیار، معاشی چیلنجز اور تجارت، سیاحت اور سرمایہ کاری جیسے امور پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔