ایم کیوایم کے سینئر رہنما انیس ایڈووکیٹ اور رضا ہارون ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شامل

ایم کیوایم کے سینئر رہنما انیس ایڈووکیٹ اور رضا ہارون ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شامل
کیپشن: ایم کیوایم کے سینئر رہنما انیس ایڈووکیٹ اور رضا ہارون ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شامل

ویب ڈیسک :متحدہ قومی موومنٹ  اور پاک سرزمین پارٹی کے سابق رہنما رضا ہارون اور انیس خان ایڈووکیٹ پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے۔

ایم کیوایم کے سابق سینیئر رہنما انیس ایڈووکیٹ اور رضا ہارون لندن سے کراچی آمد پر سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعدساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے۔

آصف علی زرداری نے انیس ایڈووکیٹ اور رضا ہارون کو پی پی پی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا، اس موقع پررہنماؤں کے درمیان شہرِقائد کی ترقی، خوش حالی، قیام امن اور مفاہمتی ماحول کے فروغ کے حوالے سے چارٹر آف کراچی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ 

واضح رہے کہ رضا ہارون اور انیس خان ایڈووکیٹ نے 2016 میں ایم کیوایم چھوڑ کر پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی ، 2018 کے انتخابات کے بعد سے دونوں سیاست میں سرگرم نہیں تھے۔

اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا چارٹر آف کراچی شہر قائد کے مستقبل پر دوررس اثرات مرتب کرے گا، پاکستان پیپلزپارٹی کراچی والوں کی جماعت ہے، ہم کراچی والوں کے ساتھ مل کر کراچی کی ان روشنیوں کو بحال کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں جنہیں امن کے دشمنوں اور نفرت کے سوداگروں نے چھین لیا تھا۔

ان کا کہناتھا کہ شہرِقائد کے باسیوں کے ووٹوں سے پاکستان پیپلزپارٹی کو وفاق میں اقتدار ملنا اس بات کے مترادف ہوگا کہ کراچی والوں کی منتخب جماعت پہلی بار وفاق پر حکومت کرے گی،سابق صدر آصف علی زرداری نے کراچی کے مستقبل کو دبئی سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پوری دنیا سے کراچی میں سرمایہ کاری آئے ۔ کراچی دبئی کی طرز پر ایک ایسا معاشی حب بنے جس سے نہ صرف پاکستان کو بلکہ اہم جغرافیائی حیثیت کی وجہ سے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو بھی اس شہر سے فائدہ ہو۔