صدر نے سمری مسترد کردی،پھر بھی قومی اسمبلی کا اجلاس 29فروری کو بلانے کا فیصلہ

صدر عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری مسترد کردی
کیپشن: صدر عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری مسترد کردی

ایک نیوز :صدر مملکت عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی سمری مسترد کردی۔

ایوان صدر کے ذرائع کےمطابق  صدر نے سمری اعتراضات لگا کر واپس بھجوا دی ۔صدر نے سمری پر اعتراض عائد کیا کہ پہلے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں مکمل کی جائیں  ابھی ایوان نامکمل ہے ۔

جبکہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع کے مطابق  قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس 29 فروری کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے  ،آئین کے آرٹیکل 91 کی کلاز ٹو کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس 29 فروری کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اعلی افسروں  اور آئینی ماہرین سے مشاورت کی ,صدر مملکت ڈاکٹر علوی کی جانب سے سمری پر دستخط نہ کرنے سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا ،آئینی ماہرین نے رائے دی کہ صدر کے سمری پر دستخط نہ کرنے سے قومی اسمبلی کے اجلاس میں طلبی میں کوئی رکاوٹ نہیں ، صدر کا اختیار اکیسویں دن سے پہلے اجلاس طلب کرنے کا ہے ۔آئین کے مطابق ہر صورت انتخابات کے 21 روز بعد قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس منعقد ہونا ہے ۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے  فیصلہ کیا ہے کہ صدر کے سمری مسترد کرنے کے باوجود قومی اسمبلی کا اجلاس 29 فروری کو ہوگا ۔