فیس بک کا زبردست آڈیو فیچرز متعارف کرانے کا اعلان

فیس بک کا زبردست آڈیو فیچرز متعارف کرانے کا اعلان
سان فرانسسکو : سماجی رابطوں کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک نے صارفین کی آسانی و سہولت کے لیے نئے اآڈیو فیچرز پیش کر دیے جس کے تحت صارفین مختصر آڈیو، فوٹوز اور ٹیکسٹ کی طرح شیئر کرسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق فیس بک نے حال ہی میں مقبول ہونے والی آڈیو چیٹ ایپس جیسے کلب ہاؤس کے مقابلے میں متعدد نئی “سوشل آڈیو” پروڈکٹس متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، آئندہ چند ماہ کے دوران کئی آڈیو فیچرز پیش کیے جائیں گے۔ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے ایک صحافی سے آڈیو انٹرویو کے دوران یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خیال میں آڈیو کی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے کیونکہ اس سے طویل بات چیت اور ملٹی ٹاسکنگ کی سہولت ملتی ہے۔فیس بک کی جانب سے ساؤنڈ بائٹس نامی فیچر بھی متعارف کرایا جائے گا جس میں صارفین مختصر آڈیو کلب بنا کر نیوزفیڈ پر ویڈیوز، فوٹوز اور ٹیکسٹ کی طرح شیئر کرسکیں گے۔مارک زکربرگ نے کہا کہ کمپنی کی جانب سے ایک ایسے ٹول پر بھی کام کیا جارہا ہے جو لوگوں کو لائیو آڈیو چیٹ کو سننے اور اس کا حصہ بننے کا موقع فراہم کرے گا، بالکل حال ہی میں مقبول ہونے والی ایپ کلب ہاؤس کی طرح۔

کمپنی کی جانب سے زوم کے مقابلے میں گزشتہ سال متعارف کرائے گئے ویڈیو کانفرنسنگ ٹول رومز کے صرف آڈیو ورژن لائیو آڈیو رومز کی آزمائش بھی کی جارہی ہے جو کہ آئندہ چند ماہ میں صارفین کو دستیاب ہوگا۔ کمپنی نے یہ بھی بتایا کہ صارفین فیس بک ایپ پر پوڈکاسٹس دریافت اور سن بھی سکیں گے۔ فیس بک کی جانب سے اسپاٹی فائے سے اشتراک کرکے ایک اور آڈیو پراڈکٹ کو بھی تیار کیا جارہا ہے۔مارک زکربرگ نے اس حوالے سے بتایا کہ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ اپنے پسندیدہ فنکاروں کے مواد کو شیئر کرسکیں، بلکہ پلے لسٹس اور مختلف النوع چیزوں کو شیئر کریں اور آپ کی فیڈ ایک چھوٹے پلیئر کی طرح کام کرنے لگے۔