آڈیو ٹیپ کرنے والوں کیخلاف عدالت جاؤں گی،یاسمین راشد 

آڈیو ٹیپ کرنے والوں کیخلاف عدالت جاؤں گی،یاسمین راشد 
کیپشن: I will go to court against the audio tapers, Yasmin Rashid

ایک نیوز:رہنماتحریک انصاف ڈاکٹریاسمین راشد کاسابق سی سی پی او غلام محمود ڈوگرکیساتھ آڈیولیک سامنےآنے پرردعمل میں کہنا تھا کہ آڈیو ٹیپ کرنے والوں کیخلاف عدالت جاؤں گی۔

سابق وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد کا زمان پارک کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ آڈیولیک کرکے یہ لوگ ہم پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔پیر  کو لاہور ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کروں گی۔آڈیو ٹیپ کرنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی  ہے۔میری پرائیویسی کو توڑ کر آڈیو ریکارڈ کی گئی۔

ڈاکٹریاسمین راشد کاکہنا تھا کہ ملکی حالات ایسے بنادیئے کہ دنیا کے سامنے شرمندہ ہیں۔

واضح رہے کہ  رہنما تحریک انصاف یاسمین راشد اور سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کی مبینہ آڈیو لیک سامنے آ گئی۔مبینہ آڈیو لیک میں سنا جا سکتا ہے کہ سلام دعا کے بعد یاسمین راشد پوچھتی ہیں کہ کوئی اچھی خبر سنائیں، آرڈر ہو گئے ہیں؟ جس پر غلام محمود ڈوگر کہتےہیں کہ ابھی آرڈر نہیں ہوئے۔

یاسمین راشد پوچھتی ہیں کہ ان کا ارادہ کیا ہے۔ غلام محمود ڈوگر جواب دیتے ہیں کہ آرڈر تو سپریم کورٹ سے ہونے ہیں، جیسے ہی وہاں سے ہوں گے ہمیں مل جائیں گے۔ ہمارے بندے وہاں بیٹھے ہوئے ہیں۔ ڈاک جج صاحبان کے سائن ہونے کے بعد آتی ہے، سائن کورٹ ٹائم میں نہیں ہوتے، کورٹ ٹائم کے بعد ہی کئے جاتے ہیں۔     

 یاسمین راشد کہتی ہیں کہ خان صاحب کافی کنسرن تھے، مگر میں نے انہیں  کہا کہ میری خبر کے مطابق ابھی تک آرڈر ڈوگر صاحب کو نہیں ملے۔ غلام محمود ڈوگر جواب دیتے ہیں کہ آرڈر رات کو آ جائیں گے، ڈاک سائن ہونے کے بعد رات کو آ جاتی ہے۔ اس پر یاسمین راشد پوچھتی ہیں کہ آج ہماری رات خاموشی سے گذر جائے گی؟ ویسے ہی پوچھ رہی ہوں جس پر غلام محمود ڈوگر کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ خیر کرے، اللہ تعالیٰ کرم کرے۔