عمران خان نےاڈیالہ جیل سے اہم پیغام جاری کردیا

عمران خان نےاڈیالہ جیل سے اہم پیغام جاری کردیا
کیپشن: عمران خان نےاڈیالہ جیل سے اہم پیغام جاری کردیا

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمیر نیازی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے  پوری قوم کو مبارکباد دی ہے اور  کل پُرامن احتجاج کی کال دی ہے۔

 تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمیر نیازی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے میری اور سلمان صفدر کی ملاقات ہوئی ، بانی پی ٹی آئی نے پوری قوم کو مبارک باد دی ہے اور کہا معیشت زمین بوس ہوچکی ہے اور سیاسی استحکام کی ضرورت ہے، عوام نے اپنا فیصلہ سنایا ہے، اب تمام ادارے ملک کے لیے سوچیں۔عوام کے مینڈیٹ کا احترام ہونا چاہیے، اداروں کو عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہیے، مکس اچار حکومت سے مسائل حل نہیں ہوں گے، 50 سیٹوں پر کوئی کیسے حکومت بنانے کا اعلان کر سکتا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی مرکز، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں حکومت بنائے گی، قوم کے مینڈیٹ کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے نہیں ہونا چاہیے، جن حلقوں میں دھاندلی ہوئی ہے وہاں کے عوام کل دوپہر نکلیں پُرامن احتجاج کریں۔بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ نواز شریف کا ٹریک ریکارڈ ہے ہر بار ملک کو ڈیفالٹ کر کے گئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سلمان صفدر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کسی دن نہیں کہا کہ تھک گیا ہوں یا مجھے جیل سے نکالیں، ہم سمجھتے ہیں یہ مقدے ختم ہونے چاہیے سارے بے بنیاد کیسز ہیں۔