فٹبال کی تاریخ کا بھیانک حادثہ، 174 افراد ہلاک

فٹبال کی تاریخ کا بھیانک حادثہ، 174 افراد ہلاک

ایک نیوز نیوز:  انڈونیشیا میں فٹبال میچ کے دوران اسٹیڈیم میں ہنگامہ آرائی اور بھگڈر سے 174 افراد ہلاک جبکہ 150 کے قریب زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق انڈونیشیا کے شہر ملنگ کے کنجوروہان اسٹیڈیم میں اریما ایف سی اور پرسیبا سورابایا نامی دو ٹیموں کے درمیان مقابلہ جاری تھا، پرسیبا یہ میچ 2-3 سے جیت رہی تھی، اس دوران مخالف کلب کے حامی شکست برداشت نہ کرسکے اور آپے سے باہر ہوکر گراؤنڈ کی فیلڈ پر ہلا بول دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق حالات پر قابو پانے کے لئے پولیس نے شیلنگ کی جس سے بھگدڑ مچ گئی اور متعدد لوگوں کے دم گھٹنے کے واقعات رونما ہوئے۔

انڈونیشیا کے چیف سیکیورٹی محمود ایم ڈی نے کہا کہ اسٹیڈیم گنجائش سے زیادہ افراد کو داخل کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایک اسٹیڈیم کے لیے 42 ہزار ٹکٹ جاری کیے گئے، جس میں صرف 38 ہزارلوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔ انڈونیشیا کی حکومت نے اس واقعے پر معافی مانگتے ہوئے تحقیقات کا وعدہ کیا ہے۔

دوسری جانب فٹ بال ایسوسی ایشن آف انڈونیشیا نے ایک ہفتے کیلئے ملک بھر میں فٹ بال میچز معطل کر دیئے ہیں۔ ایسوسی ایشن نے اریما ایف سی پر بقیہ سیزن کیلئے ہوم گیمز کی میزبانی کرنے پر پابندی بھی عائد کردی ہے۔

اپنے بیان میں ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ وہ ایک تحقیقاتی ٹیم ملنگ بھیجے گی۔ پی ایس ایس آئی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ ہمیں افسوس ہے اور اس واقعے پر متاثرہ خاندانوں اور تمام فریقین سے معافی مانگتے ہیں۔