ن لیگ نے زبان درست نہ کی تو 2023کے انتخابات میں بھی روئیں گے : شیخ رشید

ن لیگ نے زبان درست نہ کی تو 2023کے انتخابات میں بھی روئیں گے : شیخ رشید
اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نوازشریف کا ایجنڈا اینٹی اسٹیبلشمنٹ ،اینٹی فوج اور اینٹی عمران خان  ہے ،جس کی تکمیل کے لیے وہ کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں،ن لیگ نے اپنی زبان درست نہ کی تو 2023کے انتخابات کے بعد بھی اسی طرح رو رہے ہوں گے،

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) تنہا حکومت بنانے جا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی نے انتخابات میں بوریاں بھر کر نوٹ خرچ کرنے کے باوجود صرف 2 سے 3 سیٹوں میں اضافہ کیا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پوری کوشش ہوگی کہ سندھ میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت ہو۔ نواز شریف اینٹی آرمی، اینٹی اسٹیبلشمنٹ اور اینٹی عمران خان ہیں وہ باہر سے تقریریں نہ کریں بلکہ واپس آنا چاہتے ہیں تو چارٹرڈ طیارہ بھیجنے کے لیے تیار ہیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ اگر نوازشریف مودی اور جندال کے ساتھ پگڑیاں بدل سکتے ہیں تو وہ کچھ بھی کرسکتے ہیں۔ یہ 2023 میں بھی دھاندلی کا رونا روئیں گے۔انہوں نے کہا کہ نادرا میں شناختی کارڈ کا تجدید اور تصحیح کا نیا سسٹم جلد لایا جائے گا جبکہ 840 بلاک شناختی کارڈز کو مسترد کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔ مشکوک شناختی کارڈ کی آن لائن تصدیق کرنے کا موقع دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ غیرقانونی طور پر پاکستان میں مقیم افراد 14 اگست تک ملک چھوڑ دیں۔ 14 اگست تک آن لائن ویزے کی درخواست دینے والوں کی فیس معاف کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ افغان آرمی کے جن 45 اہلکاروں کو پناہ دی گئی ہے ان کو باعزت طریقے سے واپس کریں گے۔ سرحد پر 90 فیصد باڑ لگانے کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ بھارت اسرائیل کے ساتھ مل کر پاکستان کا ڈیٹا چوری کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ چین والا نظام یہاں ہونا چاہے اور کرپٹ افراد اور قاتلوں کو سزائے موت ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ بننے کا مطلب یہ نہیں کہ اپنی اوقات بھول جاؤں تاہم میں زمینی وزیر داخلہ ہوں، خلائی وزیر داخلہ نہیں ہوں۔ سرحد پر جاؤں گا اور فوجیوں کے ساتھ کھانا بھی کھاؤں گا۔ چائے پیوں گا۔