آزاد کشمیر میں تبدیلی آ گئی، پی ٹی آئی سادہ اکثریت کیساتھ کامیاب

آزاد کشمیر میں تبدیلی آ گئی، پی ٹی آئی سادہ اکثریت کیساتھ کامیاب
لاہور : آزاد کشمیر میں تبدیلی آ گئی۔کپتان کے کھلاڑی حکومت بنائیں گے۔غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے 25 نشستوں کے ساتھ سادہ اکثریت حاصل کر لی ۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے45 میں سے 44 نشستوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج آگئے ہیں جن کے مطابق تحریک انصاف 25 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ پیپلز پارٹی 11نشستوں کے ساتھ دوسری بڑی جماعت بن گئی ہے۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ 6 نشستوں پر کامیاب رہی جبکہ مسلم کانفرنس اور جموں کشمیر پیپلز پارٹی کوایک ایک نشست ملی۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ، خواجہ احمد فاروق ، سردار تنویر الیاس ، دیوان خان چغتائی ، چوہدری ارشد اور چوہدری۔ انور الحق نے اپنی نشستیں جیت لیں۔ آزاد کشمیر کے وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے امیدوار راجہ محمد فاروق حیدر ایل اے 32 سے کامیاب ہوئے جبکہ دوسری نشست ایل اے 33 مظفر آباد میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب معاون خصوصی شہباز گل نے ایک ٹویٹ میں فتح کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی نے 26 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

واضح رہےکہ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں پر 724 امیدوار مدمقابل تھے، 33 نشستوں پر آزاد کشمیر میں پولنگ ہوئی جبکہ دیگر 12 نشستوں پر مہاجرین کے کوٹے پر پاکستان کے دیگر صوبوں میں مقیم کشمیریوں نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ بارہ سو انتیس پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا تھا۔