بھارت افغانستان تیسرا T20 میچ برابر: پہلا سپر اوور بھی برابر ،فیصلہ دوسرے سپر اوور میں ہوا 

بھارت افغانستان تیسرا T20 میچ برابر: پہلا سپر اوور بھی برابر ،فیصلہ دوسرے سپر اوور میں ہوا 
کیپشن: India Beat Afghanistan In Second Super Over, Clinch Series 3-0

ویب ڈیسک :بھارت اور افغانستان کے درمیان تیسرا ٹونٹی میچ برابر رہا ، پہلے سوپر اوور میں بھی میچ کا کوئی نتیجہ نہ نکلا ،دوسرے سپر اوور میں بھارت فاتح قرار پایا۔

تفصیلات کےمطابق بنگلورو کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں بھارت نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، بھارتی ٹیم نے روہت شرما اور رنکو سنگھ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت افغانستان کے خلاف 4 وکٹوں پر 212 رنز بنائے۔ روہت 69 گیندوں پر 121 اور رنکو سنگھ 39 گیندوں پر 69 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

بھارت کے 212 رنز کے جواب میں افغانستان نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 212 رنز بنائے اور میچ ٹائی ہوگیا۔افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران نے 50، 50 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اختتامی اوورز میں گلبدین نائب کے 23 گیندوں پر 55 رنز کی بدولت افغان ٹیم میچ برابر کرنے میں کامیاب ہوئی تاہم کامیابی سمیٹنے سے قاصر رہی۔

میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے دونوں ٹیموں کے درمیان سپر اوور کھیلا گیا، جس میں افغانستان نے ایک اوور میں 16 رنز بنائے۔ جواب میں بھارتی ٹیم نے بھی سپر اوور میں 16 رنز اسکور کیے اور سپر اوور بھی ٹائی ہوگیا۔سپر اوور ٹائی ہونے کے بعد دوبارہ سپر اوور کروایا گیا، جس میں اس بار بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 11 رنز بنائے۔

دوسرے سپر اوور میں 12 رنز کے ہدف کے جواب میں افغانستان ٹیم صرف ایک ہی رنز بناسکی اور یوں بھارت نے افغانستان کو ڈبل سپر اوور کے بعد شکست دی۔