چیف جسٹس کے فیصلے نے پی ڈی ایم کی 16ماہ کی محنت خاک میں ملا دی، شیخ رشید

چیف جسٹس کے فیصلے نے پی ڈی ایم کی 16ماہ کی محنت خاک میں ملا دی، شیخ رشید
کیپشن: The decision of the Chief Justice has destroyed 16 months of PDM's hard work, Sheikh Rasheed

ایک نیوز: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کے فیصلے سے پاکستان کی سیاست میں زلزلہ آگیا ہے اور پی ڈی ایم کی اپنے کیسز ختم کرنے کی 16 ماہ کی شب و روز محنت خاک میں مل گئی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے جاری کردہ بیان میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جناب عمر عطاء بندیال نے جاتے جاتے ٹرپل ایس (SSS )فیصلہ سنایا ہے۔ اس شارٹ سویٹ اور سمارٹ فیصلے سے پاکستان کی سیاست میں زلزلہ آگیا ہے جس کے اثرات 30 دسمبر تک اپنا اثر دکھائیں گے۔ 

انہوں ںے کہا کہ کل ساری دنیا میں بریکنگ نیوز تھی کہ پاکستان میں 2027 افراد کرپشن کے شکنجے میں دوبارہ آگئے ہیں۔ 16 ماہ کی PDM کی حکومت نے جو اپنے کیسز ختم کرانے کے لیے شب وروز محنت کی وہ خاک میں مل گئی۔ عوام کو بھی اندھے کنوئیں میں دھکا دیا اور خود بھی عوام کی بددعاؤں کی زد میں آ گئے۔ 

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ جس لیول پلیئنگ فلیڈ کا مطالبہ کر رہے تھے وہ کیسوں کی بحالی کی صورت میں انہیں مل گیا۔ سپریم کورٹ نے سارا ریکارڈ اپنی تحویل میں محفوظ کر لیا ہے۔ یہ ریکارڈ نہ اب ضائع کیا جا سکتا ہے نہ اس کو آگ لگ سکتی ہے۔ جس اسمبلی میں ترامیم پاس کی گئیں اُس کے ممبروں کی تعداد بعض اوقات 9 اراکین سے زیاده نہیں تھی۔ 

25 کروڑ لوگوں کے مال پر لوٹ مار کرنے والے عوام کے سامنے دوبارہ بے نقاب ہو گئے نہ سیاست بچا سکے نہ کیسوں سے نکل سکے۔ عوام کا نام ہی ریاست ہے یہ ریاست بچانے نہیں عوام کو تباہ و برباد کرنے آئے تھے اور آج پھر غریب عوام پر پیٹرول بم گرا دیا گیا ہے۔ بجلی پیٹرول چینی اور آٹا غریب کا مسئلہ ہے لندن کے بھگوڑوں کا نہیں۔