وزیراعظم شہبازشریف سے ترک سفیرکی ملاقات،تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال

وزیراعظم شہبازشریف سے ترک سفیرکی ملاقات،تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال
کیپشن: وزیراعظم شہبازشریف سے ترک سفیرکی ملاقات،تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال

ایک نیوز:وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیاگیا۔

  پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی  نےوزیراعظم محمد شہباز شریف سے خیر سگالی ملاقات کی۔سفیر نے وزیر اعظم کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ترکیہ کی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترک سفیرسے ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت کے سالانہ 5 ارب ڈالر کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے مل کر کام کرنے، تجارت، دفاع، رابطوں اور ثقافت سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔

وزیراعظم نے دوبارہ منتخب ہونے کے فوراً بعد ترکیہ  کے  صدر رجب طیب اردوان کی طرف سے تہنیتی ٹیلی فون کال اور مبارکباد کے پیغام کو سراہا۔

شہبازشریف کاکہنا تھاکہ  پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مثالی دوطرفہ تعلقات ہیں جو مشترکہ تاریخ، مذہب اور ثقافت پر مبنی ہیں اور غیر متزلزل ہیں۔دوطرفہ تجارت کے سالانہ 5 ارب ڈالر کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دونوں فریقوں سے تجارت، دفاع، رابطوں اور ثقافت سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کان ففتھ جنریشن کے لڑاکا طیارے کی کامیاب پرواز پر ترکیہ کو مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ نے بنیادی مسائل پر ایک دوسرے کی مسلسل حمایت کی ہے اور مستقبل میں بھی کرتے رہیں گے۔صدر اردوان کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔